27 جنوری 2014 - 20:30
سرتاج عزیز،پاکستان میں طالبان کے خلاف طاقت کا استعمال ہوسکتا ہے

پاکستان کے مشیر خا رجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئین کا احترام نہ کرنے والے طالبان کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے اور تمام غیرملکی دہشت گردوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جائیگا جس کے لیے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائےگا۔

ابنا: واشنگٹن میں ایک اسکول میں اپنے ایک خطاب میں پاکستان کے وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا امریکی ڈرون حملوں کی وجہ سے ان کے ملک کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈرون حملوں میں شہریوں کی ہلاکت سے مسائل بڑھتے ہیں ان کا ملک ڈرون حملوں کے معاملے پر امریکا سے دوطرفہ تعاون کا خواہاں ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ افغانستان کے مستقبل کے بارے میں کوئی  پیش گوئی نہیں کی جاسکتی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں بڑے پیمانے پر مفاہمتی عمل کا خواہشمند ہے وہاں شدت پسندی ہے جس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کا طاقت کے زور پر اقتدار میں آنا پاکستان کے مفاد میں نہیں ہوگا۔اس سے قبل پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے امریکی وزیر دفاع چک ہیگل سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا اور ایساف فورسز سے تعلقات سمیت مختلف دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔

.......

/169