23 جنوری 2014 - 20:30
ایران مشرق وسطی کے استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے

اقوام متحدہ کے سابق سکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران مشرق وسطی میں قیام امن کو یقینی بنانے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

ابنا: سنہ 2012 میں پانچ ماہ تک شام میں اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے خصوصی ایلچی کے طور پر ذمہ داری ادا کرنے والے کوفی عنان نے جمعہ کو سوئس شہر ڈیووس میں منعقدہ عالمی اقتصادی فورم میں رائٹرز کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ اگر ہمیں مشرق وسطی میں امن و استحکام قائم کرنا ہے تو یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ایران خطے میں بہت اہم کردار ادا رہا ہے۔

عنان کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے کہ جب حال ہی میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے جنیوا-2 کانفرنس میں شرکت کے لیے ایران کو ارسال کیے گئے دعوتنامہ کو امریکہ کے دباؤ میں آ کر واپس لے لیا تھا۔

امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب، اور بیرونی حمایت یافتہ شام مخالف گروہوں نے شام کے بحران کے حل کے لیے منعقدہ اس کانفرنس میں ایران کی شرکت کی سخت مخالفت کی تھی۔

در ایں اثناء، شام کے امور میں اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے خصوصی ایلچی اخضر ابراہیمی کا کہنا ہے کہ جنیوا امن کانفرنس کے پہلے دن کے خاتمے پر شامی حکومت اور شام مخالف گروہوں کے درمیان براہ راست بات چیت نہ ہونے کے بعد اب فریقین سنیچر کو براہ راست گفتگو کریں گے۔

شام میں گزشتہ تقریبا تین برسوں سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گرد بڑے پیمانے پر پر تشدد کارروائیوں میں مشغول ہیں۔ شام میں جاری تشدد میں اب تک ایک لاکھ سے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں۔

اس کے علاوہ ایک تخمینے کے مطابق 20 لاکھ شامی ملک چھوڑنے پر مجبور ہوگئے جبکہ 65 لاکھ سے زائد شہری ملک کے اندر بے گھر ہو گئے ہیں۔

.......

/169