23 جنوری 2014 - 20:30
علمائے کرام کی پارا چنار کے فریقین سے مسائل باہمی مذاکرات سے حل کرنیکی اپیل

علامہ جواد ہادی، علامہ سبطین حسینی، علامہ اصغر رجائی، علامہ عابد شاکری اور علامہ جمیل شیرازی کا کہنا تھا کہ عوام انتظامیہ کی امن کوششوں میں بھرپور تعاون کریں۔

ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی شوریٰ عالی کے رکن اور سابق سینیٹر علامہ سید محمد جواد ہادی، ایم ڈبلیو ایم صوبہ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید محمد سبطین حسینی، جامعہ شہید عارف حسین الحسینی پشاور کے مدرس علامہ اصغر رجائی، خطیب جامعہ شہید علامہ عارف الحسینی عابد حسین شاکری اور علامہ سید جمیل حسن شیرازی نے پارا چنار کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پارا چنار کے عوام سے علاقہ کے مخصوص حالات کے پیش نظر پرامن رہنے اور حالات کو باریک بینی سے سمجھتے ہوئے باہمی بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے پارا چنار انتظامیہ کی قیام امن کے لئے بروقت کوششوں کو سراہتے ہوئے پاک فوج کے کردار کو بھی سراہا ہے، جس نے سول انتظامیہ کے ساتھ ملکر علاقہ کو خون خرابے سے بچالیا۔

انہوں نے متعلقہ فریقوں سے پرامن رہ کر مسائل کو بات چیت و افہام تفہیم کے ذریعے حل کرنے کی استدعا کی اور کہا کہ پارا چنار غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین ہونے کے علاوہ حساس علاقہ بھی ہے۔ لہذا قومی وحدت اور ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ مل بیٹھ کر بھائی چارے کی فضاء میں قومی مسائل کا حل ڈھونڈا جائے اور کسی فرصت طلب کو عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہ دی جائے۔ علامہ سید جواد ہادی نے خصوصی پیغام میں ریاست اور قانوں کے ذمہ داروں سے بھی درخواست کی کہ وہ محتاط رہ کر دینی مقدسات کا احترام کرتے ہوئے مشران قوم سے مربوط رہ کر حالات کو کنٹرول میں رکھیں۔ انہوں نے عوام سے بھی امن و امان کے قیام کے لئے انتظامیہ اور پاک فوج سے بھرپور تعاوں کرنے کی اپیل کی اور پاک فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بننے کا بھی مطالبہ کیا۔

.......

/169