22 جنوری 2014 - 20:30
شیعہ علما کونسل کا حکومت پاکستان کو چوبیس گھنٹے کا الٹی میٹم

علامہ عارف حسین واحدی نے اعلان کیا کہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور بزرگ علماء کرام کی مشاورت کے بعد شیعہ علماء کونسل پاکستان حکومت کو چوبیس گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتی ہے۔

ابنا: پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے اعلان کیا کہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور بزرگ علماء کرام کی مشاورت کے بعد شیعہ علماء کونسل پاکستان حکومت کو چوبیس گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتی ہے کہ سانحہ مستونگ کوئٹہ اور دیگر سانحات میں ملوث شدت پسندوں کیخلاف کارروائی نہ کی گئی اور قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو جمعہ کے روز ملک بھر میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے کئے جانے والے پرامن مظاہروں کو دھرنوں میں تبدیل کرکے پورا ملک جام کر دیں گے۔ اسلام آباد سے ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کی اپیل پر کوئٹہ میں شہداء کی میتوں کے ہمراہ دھرنا جاری ہے اور اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حکومت ہمارے مطالبات کو تسلیم نہیں کرتی۔ افسوس کہ حکومت انتہائی بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آج تک ملک میں ہونیوالی دہشتگردی کے حوالے سے کسی مسلک کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا اور نہ ہی ٹھہراتے ہیں بلکہ ہمارا موقف ہے کہ اس ملک میں تمام مسالک آپس میں اتحاد و وحدت اور محبت و بھائی چارے کی فضا میں رہ رہے ہیں، ایک سازش کے تحت دہشتگردی کو فرقہ واریت بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو قابل مذمت ہے ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف بہت بڑی اور گہری سازش ہے، تاکہ پاکستان نہ معاشی طور پر مستحکم ہوسکے اور نہ ہی عوام سکون و اطمینان اور امن و سلامتی کی زندگی گزار سکیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲