13 جنوری 2014 - 20:30
میلاد کے جلوسوں کے استقبال کیلئے کیمپ اور سبیلیں لگائی جائیں گی، علامہ مختار امامی

صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دشمنان اسلام امت مسلمہ کے درمیان موجود معمولی اختلافات کو ہوا دے کر اپنے مزموم عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں۔

ابنا: وطن عزیز کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں ایک امت بننا ہوگا، معاشرے میں اچھائی کے فروغ اور برائی کے تدارک کے لئے سیرت پیغمبر اکرم(ص) پر عمل پیرا ہونا ہوگا، جب تک معاشرہ میں عدل و انصاف کا قیام یقینی نہیں ہوتا دہشت گردی پر قابو پانا مشکل ہے، مجلس وحدت مسلمین کے تمام کارکنان جلوس عید میلاد البنی(ص) میں بھرپور شرکت کریں گے، شرکائے جلوس کے استقبال کے لئے کیمپ اور سبیلیں لگائی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی نے وحدت ہاؤس میں منعقدہ صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ہمارے وطن عزیز کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے میں مصروف ہیں، عوام کی جان و مال دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے، حکمران ملک میں عدل و انصاف کے قیام میں مسلسل ناکام نظر آتے ہیں، معاشرتی بے تفاوتی کے خاتمے کیلئے سیرت نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ(ص) پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و یگانگت کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کھبی نہیں تھی، دشمنان اسلام امت مسلمہ کے درمیان موجود معمولی اختلافات کو ہوا دے کر اپنے مزموم عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں۔ دوسری جانب ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنما عالم کربلائی نے شرکائے اجلاس کو بتایا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں جلوس عید میلاد البنی(ع) کے دوران استقبالیہ کیمپ اور سبیلیں لگائی جائیں گی، مرکزی استقبالیہ کیمپ نمائش چورنگی جب کہ انچولی، نارتھ کراچی، عباس ٹاؤن، گلشن اقبال، بھٹائی آباد، ملیر، جعفر طیار سوسائٹی، کھوکھراپار، اسٹیل ٹاؤن، کورنگی، لانڈھی برف خانہ، شاہ فیصل کالونی، پہلوان گوٹھ اور دیگر علاقوں میں استقبالیہ کیمپ اور سبیلیں بھی لگائی جائیں گی۔

.......

/169