7 جنوری 2014 - 20:30
اسلام اور پاکستان کیلئے سب سے بڑا خطرہ طالبان مائنڈ سیٹ قوتیں ہیں،علامہ عبدالخالق

ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کراچی میں زائرین کو ذبح کرنیکے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلام امن، مساوات اور سلامتی کا دین ہے، دہشتگردوں کو اسلام کیساتھ منسوب کرکے دنیا میں اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنیکی کوشش کی جا رہی ہے۔

ابنا: مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کا کراچی میں مزار ایوب شاہ پر زائرین کو ذبح کرنے کے المناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس واقعے کے ذمہ دار تکفیری دہشت گردوں کی حامی قوتیں ہیں، جو مذاکرات کا ڈھونک رچا کر معصوم پاکستانیوں کا ان تکفیری درندوں کے ہاتھوں قتل عام کروا رہی ہیں۔ اولیاء اللہ کے طفیل ہی برصغیر میں اسلام کا بول بالا ہوا جبکہ آج دنیا میں ان تکفیری درندہ صفت دہشت گردوں کے سبب اسلام کو بدنام اور مسلمانوں کو دہشت گرد سمجھا جا رہا ہے۔ اسلام امن، مساوات اور سلامتی کا دین ہے، ان دہشت گردوں کو اسلام کے ساتھ منسوب کرکے دشمن دنیا میں اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ مقتدر حکمران اور ریاستی ادارے ہوش کے ناخن لیں، ان دہشت گردوں کے خلاف راست اقدام اُٹھانا پاکستان کی سالمیت کیلئے ناگزیر ہوچکا ہے۔ عوام کی جان و مال، پاکستان اور اسلام کے لئے سب سے بڑا خطرہ طالبان اور طالبان مائنڈ سیٹ قوتیں ہیں۔

.......

/169