6 جنوری 2014 - 20:30
ایران کے دفتر خارجہ کی ترجمان کی پریس کانفرنس

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے پارلیمانی وفود کے اسلامی جمہوریہ ایران کے دورے کو ديگر ملکوں کے ساتھ حکومت کے وسیع تعاون کا عکاس قرار دیا۔

ابنا: وزارت خارجہ کی ترجمان "مرضیہ افخم" نےآج یورپی یونین ، جرمنی ، اٹلی ، آئرلینڈ کے پارلیمانی وفود کے دورۂ تہران کے بارے میں ہمارے نامہ نگار کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں اس امید کا اظہار کیا کہ پارلیمانی وفود کے دوروں سے ان ملکوں کے درمیان وسیع تعاون کے لئے راہ ہموار ہوگی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان محترمہ "مرضیہ افخم" نے عراق میں قومی وحدت کے تحفظ کے لئے اس ملک کی حکومت کے جاری اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے مغربی صوبے "الانبار" میں دہشتگردوں کے خلاف وسیع کاروائی اس ملک کی قومی وحدت کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوگی۔ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے عراق میں حالیہ بحران کے حل کے لئے ایران و امریکہ کے درمیان تعاون پر مبنی بعض خبروں کے منظرعام پر آنے کے حوالے سے کہا کہ عراق میں ایران و امریکہ کے تعاون پر مبنی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے سعودی دہشتگرد "ماجد الماجد" کی پراسرار موت کی تحقیقات کے لئے ایران کے وفد کی لبنان روانگی کے بارے میں کہا کہ اس موضوع کے سیاسی و قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور ایران کے وزیر خارجہ کے دورۂ بیروت کا پروگرام تیار ہے۔ "مرضیہ افخم" نے شام کے بحران کے حل کے حوالے سے جنیوا ٹو عالمی کانفرنس میں ایران کی شرکت کے بارے میں تاکید کی کہ ایران اس کانفرنس میں شرکت کے لئے کسی بھی پیشگی شرط یا تجویز کو قبول نہیں کرے گا۔اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے جنیوا میں جوہری گفتگو کے بعد ایران و گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مشترکہ اقدامات پر عمل درآمد کے وقت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ماہرین کی سطح کے مذاکرات کے متعدد دور ہوچکے ہیں اور اس بارے میں گفتگو کا سلسلہ ابھی جاری ہے اور باقی ماندہ مسائل کے حل پر بات چیت ہورہی ہے۔

.......

/169