25 دسمبر 2013 - 20:30
حضرت عیسی(ع) پیغمبر رحمت اور مہربانی تھے: صدر مملکت

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ارمنی عیسائيوں کے شہدا اور جنگي زخمیوں کے اہل خانہ سے ملاقات میں کہا ہے کہ مذہبی اقلیتوں نے اسلامی انقلاب اور دفاع مقدس کے دوران اہم کردار ادا کیا ہے۔

ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ارمنی عیسائيوں کے شہدا اور جنگي زخمیوں کے اہل خانہ سے ملاقات میں کہا ہے کہ مذہبی اقلیتوں نے اسلامی انقلاب اور دفاع مقدس کے دوران اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کی شام حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر ارمنی شہدائے جنگ، موسسیان کے گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ موسسیان کے گھرانے میں والد اور بیٹا جنگ میں شہید ہو‏ئے ہیں۔ صدر مملکت جناب حسن روحانی نے اس موقع پر کرسمس کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسی علیہ السلام ساری انسانیت کے لئے پیغمبر رحمت و مہربانی تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ ایران، تمام ایرانیوں کا ملک ہے اور مسلمانوں اور عیسائيوں سمیت تمام مذہبی اقلیتوں کو مل کر ملک کی ترقی کے لئے کوشش کرنی چاہیئے۔ صدر جناب حسن روحانی، آلبرٹ محمود لو کے بھی گھر گئے، جو جنگ میں بری طرح زخمی ہوئے تھے اور اب بھی معذوری کی زندگي گذار رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ارمنی عیسائیوں کے شہدا اور جنگي زخمیوں نے دفاع مقدس کے دوران اپنے وطن شرف اور سربلندی کا دفاع کرنے میں کوئي دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا تھا اور اپنے ملک اور عوام کے تعلق سے بہترین طریقے سے اپنی ذمہ داری ادا کی ہے۔ صدر مملکت نے آرزو کی کہ نیا عیسوی سال عیسائي برادری کے لئے سلامتی اور برکت کا سال ثابت ہوگا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲