7 دسمبر 2013 - 20:30
مسجدالاقصیٰ: صہیونیوں کے ساتھ جھڑپوں میں درجنوں فلسطینی زخمی

صہیونی فوجیوں نے قبلی مسجد میں موجود فلسطینی نمازیوں کا گھیراو کرتے ہوئے ان پرآنسوگیس کے شیل پھینکے ہیں جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں۔

ابنا: صہیونی ریاست کے فوجیوں نے آنسوگیس اورساونڈ بموں کے ذریعے مسجدالاقصیٰ کے اندرموجود فلسطینی نمازیوں پرحملہ کیا ہے اورفلسطینی نمازیوں نے بھی ان کا مقابلہ کرتے ہوئے صہیونیوں پرپتھراورجوتے پھینکے ہیں۔عینی شاہدین نے کہا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے قبلی مسجد میں موجود فلسطینی نمازیوں کا گھیراو کرکے ان پر پلاسٹک کی گولیاں ، ساونڈبم اورآنسوگیس کے شیل پھینکے ہیں جس کے نتیجے میں کئی نمازی زخمی ہوگئے ہیں اورانہیں مسجدالاقصیٰ کے اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔یہ جھڑپیں اس وقت ہوئی ہیں کہ جب فلسطینی نمازیوں نے مسجدالاقصیٰ کے صحن میں صہیونی فوجیوں اورشہریوں کے مظالم اوروحشیانہ اقدامات کے خلاف مظاہرہ کیا ہے انہوں نے فلسطین کے پرچم ہاتھوں میں اٹھا کر نعرے لگائے ہیں۔اس اقدام کے بعد صہیونی حکومت کے فوجیوں نے المغاربہ دروازے کی جانب سے اس مسجد پرحملہ کرکے فلسطینیوں کوزدوکوب کیا ہے۔دوسری جانب صہیونی حکومت کے فوجیوں نے مسجدالاقصیٰ کے اصلی دروازوں کوبندکردیا کہ جس کے نتیجے میں اس مسجد کی طرف جانے والے تمام راستوں پر نمازیوں کی بہت زیادہ بھیڑہوگئی اورپھرجھڑپیں شروع ہوگئیں کہ جوبیت المقدس کی سڑکوں پرپھیل گئیں۔......./169