4 دسمبر 2013 - 20:30
بشار الجعفری: شام میں ہزاروں سعودی ہلاک اور 300 قید حراست میں ہیں

اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب ڈاکٹر بشار الجعفری نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ ہزاروں سعودی دہشت گرد شام کے عوام اور حکومت کے خلاف برسر پیکار ہیں جن میں سے ہزاروں ہلاک ہوئے ہیں اور 300 کو حراست میں لیا گیا ہے۔

اہل البیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق بشار الجعفری نے کہا کہ صرف اسی ہفتے کے دوران ہزاروں سعودی دہشت گرد شامی افواج کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک کئے گئے ہيں اور 300 کو حکومت نے گرفتار کیا ہے۔ انھوں نے کہا: سعودی عدالتوں سے پھانسی یا عمر قید کی سزا پانے والے دہشت گردوں کو "جہاد کی خاطر" جیلوں سے رہا کرکے شام منتقل کیا گیا ہے اور تمام سعودی دہشت گرد سرکاری سیکورٹی ایجنسی کی منظوری سے شام منتقل ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا: سعودی عرب، قطر اور ترکی نے شام میں انتہائی منفی کردار ادا کیا ہے؛ یہ ممالک دہشت گردوں کو شام پہنچا رہے ہیں اور جنیوا 2 کانفرنس کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں کیونکہ وہ شام کے بحران کو حل کرنے کے لئے سیاسی حکمت عملی پر یقین نہيں رکھتے بلکہ تشدد اور دہشت گردی کے ذریعے ملکی نظام کو تبدیل کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ بشار الجعفری نے کہا: قطر القاعدہ سے وابستہ تنظیموں کو مالی امداد فراہم کرتا ہے، ترکی دہشت گردوں کو مشترکہ سرحد سے شام میں برآمد کرتا ہے جبکہ اسرائیل زخمی دہشت گردوں کو اپنے اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ اور مجموعی طور پر قطر، سعودی عرب اور ترکی یہودی ریاست کے ساتھ مل کر مافیا کا کردار ادا کررہے ہیں جنہیں ان کرتوتوں کے باوجود کسی بازخواست کا سامنا نہیں ہے اور وہ انسانیت دشمنی پر مبنی اقدامات کے باوجود کسی بھی عالمی ادارے کے سامنے جوابدہ نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا: دہشت گرد اردن، لبنان اور ترکی کی سرحدوں سے شام میں آتے ہیں جنہیں سعودی عرب، قطر اور ترکی و صہیونی ریاست کی خفیہ ایجنسیوں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/٭۔٭