ابنا: مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے علامہ دیدار علی جلبانی اور ان کے محافظ کی شہادت پر ملک بھر میں تین روزہ سوگ اور بدھ کو ملک گیر پر امن یوم احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کراچی کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری علامہ دیدار جلبانی اور ان کے محافظ کی شہادت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے اس دہشت گردی کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ دیدار علی جلبانی ایک عظیم شخصیت کے مالک تھے، وہ ایک نڈر، دیانت دار اور شجاع عالم دین، اتحاد بین المسلمین کے داعی اور انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتے تھے۔ ان کا المناک قتل پاکستان کے ہر پرامن شہری کا ذاتی نقصان ہے۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قاتل گرفتار نہ ہوئے تو پھر ایم ڈبلیو ایم راست اقدام کرنے پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان اور بالخصوص کراچی شیعہ مسلمانوں کی مقتل گاہ بن چکا ہے لیکن پوری پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ دہشت گردوں کے خلاف ہم متحد ہوکر مقاومت کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ علامہ دیدار علی جلبانی کے قتل میں وہی خبیث عناصر ملوث ہیں جنہوں نے راولپنڈی میں سانحہ عاشورا کے ذریعے ملک بھر میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی منظم سازش کی اور اس وقت سے اب تک وہ ملک بھر میں کئی پرامن قانون پسند شیعہ مسلمانوں کو شہید کرچکے ہیں اور کئی مساجد اور امام بارگاہوں پر حملے کرچکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک گیر سوگ اور یوم احتجاج مکمل طور پرامن ہوگا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سب اس سوگ اور احتجاج میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں۔ یاد رہے کہ علامہ دیدار علی جلبانی مسجد حسینی کے امام جمعہ تھے اور انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار کی حیثیت سے کراچی سے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس ایک سو چھبیس سے الیکشن میں حصہ لیا تھا، شہید جامع مسجد الحسینی ایوب گوٹھ کے خطیب تھے، شہید کا آبائی گھر نواب شاہ سندھ میں تھا اور شہید کے سوگواران میں 2 بچے اور اُن کی اہلیہ شامل ہیں۔ دریں اثناء مجلس وحدت مسلمین کے ترجمان نے کہا کہ یوم سوگ کے دوران ملک بھر میں تعزیتی اجتماعات منعقد کئے جائیں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲
2 دسمبر 2013 - 20:30
News ID: 485674
ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ علامہ دیدار جلبانی کے قتل میں وہی خبیث عناصر ملوث ہیں جنہوں نے راولپنڈی میں سانحہ عاشورا کے ذریعے ملک بھر میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی منظم سازش کی