2 دسمبر 2013 - 20:30
ایران، پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی اہمیت

اسلامی جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے کہا ہے کہ ایران جنوبی خلیج فارس کے ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو خاص نظر سے دیکھتا ہے۔

ابنا:انھوں نے آج تہران میں ملکی و غیر ملکی نامہ نگاروں سے گفتگو میں ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کے حالیہ دورۂ کویت، عمان قطر کا ذکر کیا اور کہا کہ تہران، علاقے میں امن و استحکام کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور یہ پڑوسی ملکوں کے ساتھ مفاہمت و تعاون کا متقاضی ہے۔ ایران کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے ایران کو علاقے کا بااثر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی ملکوں کی کوششوں سے علاقائی تعاون اور یکسوئی کو فروغ حاصل ہوگا۔انھوں نے کہا کہ ایران کی خارجہ پالیسی میں پڑوسی اور علاقے کے ملکوں کو خاص اہمیت حاصل ہے۔مرضیہ افخم نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان حالیہ جنیوا سمجھوتے اور اس کے بعد اس سلسلے میں شروع ہونے والی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور مغرب کے مابین تعلقات میں اس وقت نئے مرحلے کا آغاز ہوا ہے اور یورپ کو چاہیئے کہ ایرانی قوم کے اعتماد کی بحالی کیلئے سنجیدہ اقدامات عمل میں لائے۔انھوں نے بحران شام کے حل کیلئے جنیوا ٹو کانفرنس میں ایران کی شرکت کے حوالے سے کہا کہ ایران بحران شام کے حل میں مدد و تعاون کیلئے پہلے ہی اپنی آمادگی کا اعلان کرچکا ہے لہذا اس کیلئے کسی بھی قسم کی شرط لگانا حیرت انگیز ہوگا۔ مرضیہ افخم نے یہ بھی کہا کہ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورت حال کے بارے گفتگو کیلئے افغانستان کے صدر حامد کرزئی، آئندہ ہفتے تہران کا دورہ کریں گے۔.......

/169