19 نومبر 2013 - 20:30
صدر:کسی طرح کی دھمکی ایران کو اپنے حقوق سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کرسکتی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ جینوا میں ایٹمی مذاکرات کے دوران کسی طرح کی دھمکی ایران کو اپنے حقوق سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کرسکتی۔

ابنا: صدر جناب حسن روحانی نے آج کابنیہ کی نشست میں کہا کہ ایٹمی مذاکرات میں کسی طرح کی دھمکی کبھی موثر نہیں ہوسکتی کیونکہ ایران کے عوام نے ہمیشہ دھمکیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور مزید مقابلہ کریں گے۔ صدر مملکت نے جنیوا مذاکرات کی طرف سے اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاملے میں ایران کا موقف ابتدا ہی سے برحق رہا ہے اور ایران نے مذاکرات میں ہمیشہ نیک نیتی کامظاہرہ کیا ہے۔ صدر جناب حسن روحانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کبھی بھی اپنے حقوق سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ منطق، استدلال اور عالمی قوانین کے تحت مسائل کو حل کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئي تھی لیکن بعض ملکوں کی بہانہ تراشی اور توسیع طلبی نے مذاکرات کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔صدر مملکت نے کہا کہ ایران پورے مشرق وسطی میں امن چاہتا ہے اور جنیوا مذاکرات کی کامیابی فریقین کے ساتھ ساتھ علاقے کے تمام ملکوں بلکہ مغربی ملکوں کے لئے بھی مفید ہے۔ صدر جناب حسن روحانی نے کہا کہ پانچ جمع ایک گروپ کے ساتھ چھے مہینے تک مذاکرات کئے جائيں گے اور اگر ان مذاکرات سے سب کو فائدہ پہنچا تو ان مذاکرات کو طویل مدت مذاکرات کی بنیاد بنایا جائے گا جس سے ایران اور دوسروں کے مفادات کا تحفّظ ہوگا۔ صدر جناب حسن روحانی نے کہا کہ جنیوا مذاکرات میں اگر کسی نے راہ حل مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسے جان لینا چاہیئے کہ یہ مذاکرات بے نتیجہ اور ناکام رہیں گے۔ 

.......

/169