17 نومبر 2013 - 20:30
جمعہ کے روز یوم احتجاج منانے کا اعلان

مجلس وحدت مسلمین نے جمعہ کے روز کو یوم عظمت نواسہ رسول (ع) کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان بھر میں امن کے دشمنوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ۔

ابنا: مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نےاسلام آباد میں مرکزی کابینہ کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سانحہ راولپنڈی کی تحقیقات کیلئے بنائے جانے والے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی تائید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کمیشن کی تحقیقات کا دائرہ کار فقط سانحہ راولپنڈی تک محدود نہ کیا جائے بلکہ یہ کمیشن سانحہ ڈھوک سیداں، لاہور میں ہونے والے سانحہ یوم علی (ع)، سانحہ ڈیرہ غازی خان اور سانحہ چکوال کی بھی تحقیقات کرے، جس کی بھینٹ سینکڑوں بے گناہ لوگ چڑھے۔علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ کیا راولپنڈی کے جلوس کے روٹ میں فقط ایک ہی مسجد تھی؟ یا درجنوں اور بھی مساجد تھیں، اگر تھیں تو مسئلہ فقط ایک خاص جگہ پر ہی کیوں پیش آیا۔؟ جب مقامی انتظامیہ طے کرچکی تھی کہ تمام جمعہ کے اجتماعات دن دو بجے ختم کر دیئے جائیں گے تو کیوں تین بجے تک ایک خاص جگہ سے نواسہ رسول (ص) کے بارے میں ہرزہ سرایی اور توہین کا انتظار کیا جاتا رہا۔درایں اثنا مفتی منیب الرحمان نے تمام متاثرہ طبقوں سے صبر و استقامت کی اپیل کی ہے جبکہ مفتی محمد رفیع عثمانی نے سانحہ کے ذمہ داروں کو غیر ملکی ایجنٹ اور اسلام اور پاکستان کا دشمن قرار دیا۔ جماعت الدعوۃ پاکستان کے امیر حافظ محمد سعید نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہے جسے بے نقاب کرنا ضروری ہے۔ لاہور میں ہونے والے شیعہ سنی علماء اور اکابرین کے مشترکہ اجلاس میں سانحہ راولپنڈی کو حکومتی غفلت کا نتیجہ قرار دیا گیا۔

.......

/169