15 نومبر 2013 - 20:30
راولپنڈی، عاشورہ کے جلوس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، 7 افراد جاں بحق، 35 سے زائد زخمی

راولپنڈی میں عاشورہ کے مرکزی جلوس میں تکفیری نعروں کے بعد شروع ہونے والے پرتشدد واقعہ میں ابتک 7 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ابنا: راولپنڈی میں عاشورہ کے مرکزی جلوس میں تکفیری نعروں کے بعد شروع ہونے والے پرتشدد واقعہ میں ابتک 7 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں عاشورہ کا مرکزی جلوس چوک فوارہ پہنچا تو قریبی مسجد سے تکفیری نعرے بلند ہونا شروع ہوگئے، مسجد کے مولوی نے واقعہ کربلا کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے، جس پر عاشور کا پرامن جلوس احتجاج میں تبدیل ہوگیا۔ اس دوران مسجد سے پتھراؤ شروع ہوگیا اور اچانک عمارتوں کی چھتوں سے فائرنگ کی آوازیں آنا شروع ہوگئیں۔ ابتک کی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 35 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال لایا گیا ہے۔ مشتعل افراد نے پولیس اہلکاروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ دو نجی ٹی وی چینلز کے کیمرے بھی توڑ دیئے گئے۔ ذرائع کے مطابق نامعلوم مشتعل افراد نے مسجد کے قریب دکانوں کو بھی آگ لگا دی، جس سے کئی دکانوں میں موجود سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ انتظامیہ نے حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے رینجرز اور فوج کے دستے طلب کر لیے گئے ہیں۔ آر پی او راولپنڈی نے راولپنڈی میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔ دوسری جانب یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔ اس موقع پر مختلف علاقوں سے علم، تعزیوں اور ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے۔ یوم عاشور کا مرکزی جلوس کرنل مقبول امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں بوہڑ بازار، فوارہ چوک سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی کی جانب سے رواں دواں ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲