ابنا: جعفریہ یوتھ پاکستان کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس سربراہ اسلامی تحریک پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی صدارت میں راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جعفریہ یوتھ کے صوبائی ناظمین اور معاونین کے علاوہ مرکزی ناظم اعلیٰ اظہار بخاری اور معاونین نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے سربراہ اسلامی تحریک پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے قائم مقام صدر علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ کسی بھی قوم کی ترقی اور شعوری ارتقاء میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہوتا ہے اور عصر حاضر کا تقاضا ہے کہ آج کا نوجوان حقیقی اسلامی معارف کو معاشرے میں روشاس کرانے کیلئے خود کو شعور و کردار کے ہتھیار سے لیس کرے۔
سربراہ اسلامی تحریک پاکستان کا جعفریہ یوتھ پاکستان کی مجموعی تنظیمی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک بھر میں تشیع کے حقوق کے تحفظ اور قومی جماعت کی مضبوطی کیلئے جے وائی پی کو مزید بہتر انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ملکی حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جنگل کا قانون نافذ ہے اور ہم ایک عرصے سے یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے وگرنہ اس ملک کی سالمیت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں اور اگر حکمرانوں اور ریاستی اداروں نے دہشت گردی روکنے کیلئے سنجیدہ اقدامات نہ اٹھائے تو پھر ہمیں اپنی ملی دفاعی پالیسی اختیار کرنے کا مکمل آئینی حق حاصل ہے۔
.......
/169