ابنا: افغانستان کے الیکشن کمیشن نے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے کل 26 میں سے 16 امیدوار نامکمل کاغذات اور ضروری دستاویزات منسلک نہ کرنے جیسی تیکنیکی وجوہات کی بنا پر نااہل ہوگئے ہیں۔
صدارتی عہدے کے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرتے وقت افغانستان کے کم از کم 20 صوبوں سے تعلق رکھنے والے اپنے ایک لاکھ حامی رائے دہندگان کے دستخط کے علاوہ تقریبا 10 لاکھ افغانی روپے فیس کے طور پر جمع کرانا ضروری ہے۔
ان افراد کے نااہل ہونے کے بعد اب آئندہ سال اپریل میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے کل 10 امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں جن میں موجودہ صدر حامد کرزئی کے بھائی قیوم کرزئی، سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ اور سابق وزیر خزانہ اشرف غنی سر فہرست ہیں۔
الیکشن کمیشن حکام کے مطابق نااہل قرار پانے والے امیدوار کمیشن کے فیصلے کے خلاف فوراً اپیلیں دائر کرسکتے ہیں جن کے فیصلے کے بعد 16 نومبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
افغانستان کے موجودہ صدر حامد کرزئی آئندہ انتخاب لڑنے کے اہل نہیں کیوں کہ افغانستان کے آئین کےمطابق ایک شخص لگاتار دو بار سے زائد افغان صدر کا عہدہ اپنے پاس نہیں رکھ سکتا۔
افغانستان میں صدارتی انتخاب کے لیے پانچ اپریل 2014ء کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
.......
/169