اہل البیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی پولیس سربراہ ضاحی خلفان نے ٹویٹر میں اپنے پیج پر لکھا ہے کہ قطر کا سیٹلائٹ چینل عرب ممالک کے حقائق کو الٹ پلٹ کر پیش کرتا ہے۔ضاحی خلفان نے لکھا: کیا الجزیرہ چینل ـ جس پر اتنا عظیم سرمایہ خرچ ہوا ہے ـ کی علاقے کو کوئی ضرورت ہے؟خلفان نے آخر میں لکھا ہے کہ: مطمئن رہو کہ حقائق وہ نہيں ہیں جو الجزیرہ چینل نشر کررہا ہے۔ قبل ازیں ضاحی خلفان نے کہا تھا کہ الجزیرہ چینل عرب ممالک کو تباہ کررہا ہے اور شام میں بھی جنگ کی آگ بھڑکا رہا ہے۔ انھوں نے اپنے پیج پر الجزیرہ پر جنگ کی بھڑکانے کا الزام لگاتے ہوئے لکھا تھا کہ اس چینل نے شامی قوم کو خانہ جنگی سے دوچار کیا ہے اور اس قوم کو تباہی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ انھوں نے پیشنگوئی کی کہ یہ سیٹلائٹ چینل جب باہر سے سونپے ہوئے مشن کو مکمل کرنے اور عرب ممالک کو تقسیم در تقسیم کرنے میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بند ہوجائے گا۔ خلفان نے کہا ہے کہ الجزیرہ چینل ایک مجہول النسب چینل ہے اور کوئی بھی اس کی تاسیس کی ذمہ داری قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ شام میں دو سال سے زائد عرصے سے جاری جنگ مغرب کے ہاتھ میں ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ جو بھی ترک وزیر اعظم کی پیروی کرے گا وہ شکست کھائے گا۔ ۔۔۔۔۔۔/٭۔٭