6 اکتوبر 2013 - 20:30
مصر کی عبوری حکومت ایران کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہاں

مصری عبوری حکومت کے وزیر خارجہ نبیل فہمی کا کہنا ہے کہ مشرق وسطی میں بہت ہی اہم ملک ایران کے ساتھ قاہرہ باہمی مثبت تعلقات کا خواہاں ہے۔

ابنا: پریس ٹی وی کے ساتھ بات چیت میں فہمی نے کہا کہ مشرق وسطی میں ایران ایک بہت ہی اہم اور عظیم ملک ہے۔ ہم ایران کے ساتھ دوستانہ تعلقات میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

مصر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے نئے صدر کی جانب سے عالمی برادری میں مثبت پیغام پہنچا ہے اور بین الاقوامی برادری ایران کے ساتھ تعاون میں دلچسپی رکھتی ہے۔

تاہم باہمی تعلقات میں ایک نئے باب کی شروعات پر تاکید کرتے ہوئے فہمی نے کہا کہ ایران اور مصر کے درمیان موجود کچھ حساس مسائل کا تصفیہ ضروری ہے۔

غور طلب ہے کہ 1979 میں ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد تہران نے قاہرہ کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے، اس لیے کہ قاہرہ نے صیہونی حکومت کے ساتھ کیمپ ڈیوڈ قرارداد پر دستخط کیے تھے اور ایران کے معزول آمر محمد رضا پہلوی کو پناہ کی پیشکش کی تھی۔

فہمی نے کہا کہ برطرف صدر محمد مرسی کے بعد ملک میں تشکیل ہونے والی عبوری حکومت نے اسلامی جمہوریہ کے ساتھ تعلقات کو مستحکم  اور دوستانہ بنانے کے لیے مثبت اقدام کیے ہیں۔

.......

/169