5 اکتوبر 2013 - 20:30
زائرین امام(ع) پر دہشت گردوں کے حملے، 50 شہید/ شمال میں پرائمری اسکول نشانہ بنا/ اپ ڈیٹ

امام محمد تقی الجواد (علیہ السلام) کے یوم شہادت کے موقع پر آل سعود اور قطر کے حمایت یافتہ دہشت گردوں نے امام(ع) کے زائرین پر دہشت گردانہ حملے کئے جن میں اب تک 50 زائرین شہید اور 80 زخمی ہوئے ہیں جبکہ دہشت گردوں نے شمالی عراق میں ایک پرائمری اسکول میں کار بم دھماکہ کرکے 11 افراد کو قتل کردیا ہے۔

اہل البیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق آج صبح امام محمد تقی الجواد (علیہ السلام) کے یوم شہادت کے سلسلے میں مقدس شہر کاظمین میں زائرین امام جواد(ع) پر خودکش حملہ ہوا اور المنار ٹی وی چینل کے مطابق اس حملے میں 23 زائرین شہید اور اسی زخمی ہوئے۔ جبکہ عراقی ویب سائٹ "المسئلہ" نے شہداء کی تعداد 22 اور زخمیوں کی تعداد 50 بتائی۔ دوسری طرف سے اسکائی نیوز نے رپورٹ دی ہے کہ کاظمین میں ائمہ پل کے اوپر زائرین کے درمیان دھماکے سے 50 افراد شہید اور 100 زخمی ہوئے۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ دہشت گردانہ حملہ ایسے حال میں انجام پایا کہ امام جواد(ع) کے زائرین پل ائمہ سے گذر کر کاظمیں امام جواد(ع) کے حرم کی طرف جارہے تھے۔ ایک سیکورٹی اہلکار نے کہا کہ یہ دھماکہ سنہ 2013 کا شدید ترین دھماکہ تھا۔ پل ائمہ وہ پل ہے جو بغداد کے علاقے اعظمیہ کو کاظمین سے متصل کرتا ہے اور امام موسی کاظم اور امام جواد (علیہما السلام) کا حرم کاظمین میں واقع ہے۔ العالم کے مطابق پل ائمہ پر ہونے والا حملہ خودکش تھا جو کل شام کا انجام پایا ہے۔ ادھر بغداد کے شمال میں واقع بلد کے علاقے کے ایک چائےخانے میں دہشت گردوں نے خودکش بم دھماکہ کیا جس کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 35 زخمی ہوئے۔ ادھر سومریہ ویب سائٹ نے بلد میں ایک طبی ذریعے کے حوالے سے لکھا ہے کہ اس حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 15 تک پہنچـی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 32 ہے۔ بغداد کے شمال میں واقع بعقوبہ شہر کے نزدیک مقدادیہ کے علاقے میں دہشت گردوں کے ایک حملے میں ایک عراقی باشندے کی شہادت کی خبر موصول ہوئی ہے۔العالم کے مطابق آج کاظمین میں امام جواد (علیہ السلام) کے زائرین پر مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ کی ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں کسی کے شہید یا زخمی ہونے کی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔ شمالی عراق کے علاقے تلعفر میں بھی ایک "پرائمری اسکول" کے سامنے کھڑے ٹرک بم دھماکے اور تلعفر کے دوسرے علاقوں میں چار کار بم دھماکوں میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ اور تلعفر میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ان حملوں میں 11 افراد شہید اور 22 زخمی ہوئے ہیں۔

اپ ڈیٹ:

آج زائرین امام جواد (ع) پر تکفیری دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 4 اور زخمیوں کی 13 ہوگئی ہے جبکہ کل پل ائمہ پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں شہداء کی تعداد ـ العالم کے مطابق ـ 50 نہیں بلکہ 49 تھی۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/٭۔٭