30 ستمبر 2013 - 20:30
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، شام کے وزیر خارجہ کا بیان

شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ انسانی اقدار کے بہانے دنیا کے مختلف ملکوں میں مداخلت کیلئے سیاسی دو رخی عمل بڑھتا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بعض ممالک نے انسانیت کے بہانے تراشنے میں ناکامی کے بعد دہشتگردی کی حمایت کرتے ہوئے فوجی مداخلت کی پالیسی اختیار کررکھی ہے۔

ابنا: شام کے وزیر خارجہ نے اپنے ملک کے خلاف یورپ و امریکہ کی یکطرفہ غیر انسانی و غیر اخلاقی پابندیوں کو شام کی صورت حال مزید پیچیدہ ہونے کا باعث قرار دیا اور کہا کہ شام میں دہشتگردوں نے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا اور انھیں یہ ہتھیار بعض مغربی اور عرب ملکوں سے حاصل ہوئے۔
ولید المعلم نے کہا کہ ان کے ملک میں خانہ جنگی نہیں ہے بلکہ شام کی حکومت اپنے ملک میں برسرپیکار دہشتگردوں کا صفایا کرنے کی کاروائی کررہی ہے۔ انھوں نے بحران شام کے سیاسی حل پر زور دیتے ہوئے بیرونی مداخلت کے بغیر آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو منطقی طریقہ قرار دیا تاکہ شامی عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرسکیں۔شام کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کے ملک کے صدر بشار اسد سنہ دو ہزار چودہ کے صدارتی انتخابات میں امیدوار کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔

.......

/169