30 ستمبر 2013 - 20:30
حکومت اور طالبان اللہ و رسول کے نام پر جنگ بندی کریں، علما کا مطالبہ

جید علمائے کرام نے اپیل کی ہے کہ حکومت اور طالبان اللہ اور رسول کے نام پر فوری طور پر جنگ بندی کریں، جب تک مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچ جائیں مسلح کارروائیوں سے گریز کیا جائے۔

ابنا: اسلام آباد میں مولانا سلیم اللہ خان کی زیر صدارت علمائے کرام اور مشائخ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک میں پیش آنے والے حادثات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں حکومت، فوج اور طالبان کی جانب سے مذاکرات کے ذریعے خانہ جنگی ختم کرنے کے اتفاق پر علمائے کرام نے اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ علما نے اپنے مشترکا بیان میں کہاکہ ملک خانہ جنگی کی صورتحال سے دوچار ہے، جبکہ کچھ عناصر قیام امن کے راستے کو بند کرنے کے درپے ہیں، طاقت کا استعمال اور خونریزی کسی مسئلے کا مستقل حل نہیں. علمائے نے اپیل کی کہ حکومت اور طالبان فوری طور پر جنگ بندی کریں، اور جب تک مذاکرات کسی نتیجے پرنہ پہنچ جائیں مسلح کارروائیوں سے گریز کیا جائے۔ علماء کرام کا کہناتھاکہ حکومت، فوج اورطالبان کا بات چیت کے ذریعے امن کے قیام پرپراتفاق خوش آئند ہے۔اجلاس میں مفتی رفیع عثمانی، مولانا مفتی تقی عثمانی، ڈاکٹر عبدالرزاق سکند، مولانا فضل محمد، قاری حنیف جالندھری، سید عدنان کاکاخیل، مفتی ابولبابہ شاہ منصور، مولانا محمد حسن اور مولانا مختارالدین بھی شریک تھے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/٭۔٭