27 ستمبر 2013 - 20:30
ناموس مصطفی (ص) کا تحفظ مسلمانوں پر فرض ہے، علامہ شاہ تراب الحق قادری

اپنے بیان میں امیر جماعت اہلسنت کراچی نے کہا کہ ناموس رسالت کا قانون قرآن و حدیث کے عین مطابق ہے کسی کی ذاتی رائے کی بنیاد پر اس میں ہرگز تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔

ابنا: جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ شاہ تراب الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ہے، یہاں اسلام مخالف ایجنڈے کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ناموس رسالت کا قانون قرآن و حدیث کے عین مطابق ہے، کسی کی ذاتی رائے کی بنیاد پر اس میں ہرگز تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔ گستاخان رسالت کو شیلٹر فراہم کرنے والے استعماری ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ناموس مصطفی (ص) کا تحفظ مسلمانوں پر فرض ہے۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ انبیاء کرام کے گستاخوں کو آئینی و قانونی طو ر پر منطقی انجام تک پہنچائے۔ شاہ تراب الحق قادری نے کہا کہ پشاور میں چرچ پر حملے کی آڑ میں کسی کو ناموس رسالت ایکٹ سے چھیڑ چھاڑ نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کو اسلام کے خلاف کہنے والے اس کی ابجد سے بھی واقف نہیں ہیں۔ توہین رسالت قانون میں ترمیم کی کوششوں کی سخت مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان شمع رسالت کے پروانوں کی سرزمین ہے مصطفی (ص) جان رحمت کی عظمت کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

.......

/169