23 ستمبر 2013 - 20:30
ایران اور برطانوی وزراء خارجہ کی ملاقات/ برطانیہ، ایران کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہشمند

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور ان کے برطانوی ہم منصب ولیم ہیگ نے نیویارک میں ملاقات کی ہے، اس ملاقات میں برطانوی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ لندن، تہران کے ساتھ بہتر تعلقات کے لئے آمادہ ہیں۔

ابنا: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 68ویں اجلاس کے دوران ہیگ نے ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد کہا کہ برطانیہ ایران کے ساتھ ٹکراؤ نہيں چاہتا ہے اور وہ بہتر تعلقات کے لیے آمادہ ہے۔ برطانیہ صدر حسن روحانی اور وزیر خارجہ ظریف کے اس بیان کا خیر مقدم کرتا ہے جس میں انہوں نے دیگر ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

برطانیہ کے وزیر خارجہ نے ایرانی جوہری معاملے پر پیش رفت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ظریف سے مل کر خوشی ہوئی ہے۔

ظریف نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ جمعرات کو سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان برطانیہ، چین، فرانس، روس، امریکہ اور ساتھ ہی جرمنی کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ایران کے جوہری پروگرام پر ہونے والی بات چیت آگے کی جانب ایک قدم ہوگا۔

ظریف نے یہ بھی کہا کہ ایران کے خلاف غیر قانونی مغربی پابندیاں غیر مؤثر ہیں اور ان سے صرف ایرانی عوام متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ مغرب کو اس موضوع پر از سر نو غور کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح ہو کہ جمعرات کو ایران کے وزیر خارجہ جواد ظريف کے ساتھ ہونے والی اس ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری بھی شامل ہوں گے۔

یورپی یونین کے حکام کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کے رکن ظريف سے اکتوبر میں دوبارہ ملاقات کریں گے جس میں بات چیت میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

.......

/169