17 ستمبر 2013 - 19:30
آسٹریلیا کے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے قدامت پسند رہنما ٹونی ایبٹ نے حلف اٹھایا

آسٹریلیا کے نو منتخب قدامت پسند لبرل نیشنل اتحاد کے رہنما ٹونی ایبٹ نے دارالحکومت کینبرا میں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

ابنا: پچپن سالہ ٹونی ایبٹ نے دارالحکومت کینبرا کے گورنمنٹ ہاؤس میں آسٹریلیا کی گورنر جنرل کوئنٹن برائس کی موجودگی میں اپنے عہدے کا حلف لیا۔ان کے قدامت پسند اتحاد کو پاس ایوان زیریں میں اکثریت حاصل ہے۔بدھ کو ٹونی ایبٹ کا کہنا تھا کہ آج کا دن محض رسمی دن نہیں ہے بلکہ جیسے ہی میں حلف برداری کی تقریب سے واپس پارلیمنٹ ہاؤس پہنچوں گا میں وزیر اعظم اور کابینہ کے دفتر کو حکم دوں گا کہ وہ کاربن ٹیکس کی تنسیخ کے لیے قانونی مسودے کی تیاری شروع کر دیں۔تاہم ان کی جانب سے کابینہ کے انتخاب پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں جس میں صرف ایک خاتون جولی بشپ ہیں جو وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالیں گی۔اس کے علاوہ ٹونی ایبٹ نے کہا کہ ان کی حکومت ایشیا کی جانب سے انڈونیشیا کے راستے آنے والی تمام کشتیوں کو واپس بھجوا دے گی جن پر آسٹریلیا میں پناہ کی غرض سے لوگ آتے ہیں۔تاہم ابھی کچھ ووٹوں کی گنتی باقی ہے اور لگتا ہے کہ ٹونی ایبٹ کے اتحاد کے پاس شاید ایوانِ بالا میں اکثریت نہ رہے جس سے انہیں قوانین کی منظوری میں دشواری پیش آئے گی۔......./169