12 ستمبر 2013 - 19:30
شام پر ممکنہ امریکی جارحیت کیخلاف مجلس وحدت نے یوم احتجاج منایا

لاہور میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ شام اور مصر کو میدانِ جنگ بنا کر دراصل امریکہ اسرائیلی تحفظ کو یقینی بنا رہا ہے، گریٹر اسرائیل کی تشکیل کیلئے مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔

ابنا: شام پر ممکنہ امریکی جارحیت کیخلاف مجلس وحدت نے یوم احتجاج منایا اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیرِاہتمام ملک بھر میں مصر اور شام میں امریکی مداخلت اور اسلامی دنیا پر صیہونی شب خون مارنے کی سازش کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ پنجاب میں راولپنڈی، اٹک، ملتان، شیخوپورہ، قصور، میانوالی، وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، لیہ، رحیم یار خان، چینیوٹ، جھنگ، خانیوال، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، ڈی جی خان، بہاولپور، مظفر گڑھ، فیصل آباد، خوشاب، چکوال، راجن پور، بھکر، دریا خان، حیدرآباد تھل سمیت مختلف اضلاع اور تحصیلوں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔لاہور میں سمن آباد شباب چوک پر بعد از نماز جمعہ احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ سید احمد اقبال رضوی، سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین لاہور علامہ سید امتیاز کاظمی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل لاہور علامہ سید جعفر موسوی نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ شام اور مصر کو میدانِ جنگ بنا کر دراصل امریکہ اسرائیلی تحفظ کو یقینی بنا رہا ہے، گریٹر اسرائیل کی تشکیل کیلئے مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، انشاء اللہ شام اسرائیل اور امریکہ کیلئے قبرستان ثابت ہوگا اور شام پر حملہ اسرائیل اور امریکہ کیلئے نابودی اور اسلامی قوتوں اور تحریکوں کیلئے مزید تقویت اور فتح مبین کا پیغام لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کے عیاش ڈکٹیٹر حکمرانوں کے زوال کا وقت قریب آ پہنچا ہے، جو اپنی بادشاہت کی خاطر مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں، اللہ نے قرآن مجید میں وعدہ فرمایا ہے کہ میں مستضعفین کو اس دنیا کا وارث بناؤں گا اور ظالموں کو اس کے انجام تک پہنچانے کا بھی اللہ کا وعدہ ہے۔ علامہ امتیاز کاظمی نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شام پر حملہ کرنے کا اعلان کرکے امریکہ نے اپنی نابودی اور اسرائیل کی بربادی کے اسباب پیدا کر دیئے ہیں، اسلام کے خلاف صلیبی جنگ اپنے عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں میں انتشار پھیلا کر مغرب اور صیہونیت اپنے مذموم ایجنڈوں کی تکمیل میں دن رات ایک کئے ہوئے ہیں، مسلمان حکمران خصوصاً عرب کے عیاش اور ظالم بادشاہوں کا صیہونی و امریکی مفادات کیلئے کھڑا ہونا ایک المیے سے کم نہیں اور یہ قیامت کی نشانیاں ہی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان حکومت واحد اسلامی ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے مسلمانوں کے حقوق کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور شام کی صورتحال پر دو ٹوک مؤقف اختیار کرے اور استعماری طاقتوں کے خلاف قوتوں کا بھرپور ساتھ دیں۔......./169