ابنا: اسلام آباد میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی گئی۔ پولیس نے حساس ادارے کی اطلاع پر ایک گھر سے بارود سے بھری گاڑی پکڑ لی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پولیس نے بارہ کہو کے علاقے سملی ڈیم کے قریب ایک گھر کی پارکنگ سے بارود سے بھری نان کسٹم پیڈ گاڑی قبضے میں لے لی۔ 130 کلو گرام بارودی مواد گاڑی کے سلنڈر اور دروازوں میں چھپایا گیا تھا۔ پولیس نے مکان مالک کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق حساس ادارے نے عید کے بعد گاڑی کے بارے میں اطلاع دی تھی۔ بارود سے بھری گاڑی کا ممکنہ ہدف اہم سرکاری اورعسکری تنصیبات تھیں۔ گاڑی کا نمبر ایچ کے 522 ہے اور اسے دھماکے کے لیے مکمل طور پر تیار کرلیا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا رہا ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، حساس ادارے نے گھر سے بارود بھری کار برآمد کر لی۔ اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں حساس ادارے نے کارروائی کے دوران ایک گھر سے بارود سے بھری کار اپنی تحویل میں لے لی۔ کار کے دروازوں اور سی این جی سلنڈر میں 125 کلو گرام بارود چھپایا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کو فوری طلب کیا گیا۔ سکواڈ نے بارود کو ناکارہ بنا دیا اور کار کو تھانہ بارہ کہوہ منتقل کر دیا۔ کار نان کسٹم پیڈ ہے اور ایک گھر کے گیراج میں کھڑی تھی۔ گھر کے مالک کو گرفتار کرلیا گیا جو ایک اعلٰی پولیس افسر کا بھائی بتایا جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بارود سے بھری کار کو اسلام آباد میں دہشت گردی کے لئے استعمال کیا جانا تھا۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن کیا، تاہم مزید گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
.......
/169