28 اگست 2013 - 19:30
بھکر واقعہ میں ملوث اصل مجرموں کو کیفرو کردار تک پہنچا کر عوام کو آگاہ کیا جائے، علامہ عارف واحدی

بھکر کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ایس یو سی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ملکی صورتحال ایک سازش کے تحت خراب کی جارہی ہے۔ سانحہ بھکر کی اعلٰی سطح پر عدالتی تحقیقات کرائی جائیں۔

ابنا: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ ملکی صورتحال ایک سازش کے تحت خراب کی جا رہی ہے۔ سانحہ بھکر کی اعلٰی سطح پر عدالتی تحقیقات کرائی جائیں اور واقعہ میں ملوث اصل مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچا کر عوام کو آگاہ کیا جائے، اور بے گناہ لوگوں کو فوری رہا کیا جائے۔ بھکر کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا ہے کہ ذاتی دشمنی کی بنا پر معروف فتنہ پرست گروہ اور کالعدم جماعت کے مقامی رہنما کے قتل کو شرپسندوں کی جانب سے مذہبی رنگ دے کر ضلع بھر میں اشتعال اور فتنہ و فساد کو ہوا دی گئی اور قانون کو ہاتھ میں لے کر نہ صرف مسلمہ اسلامی مکتب فکر کے خلاف غلیظ نعرہ بازی کرکے مقدسات کی توہین کی مذموم کوشش کی گئی بلکہ معصوم اور نہتے عوام پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی، جس سے حسینی چوک کوٹلہ جام میں بے گناہ افراد شہید و شدید زخمی ہوگئے تھے۔علامہ عارف حسین واحدی نے اس افسوسناک واقعہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صورت حال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرے اور حکومت پنجاب سے بے گناہ افراد کو مقدمہ سے خارج کرکے انکی فی الفور رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

.......

/169