اہلبیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج عیدالفطر کے دن اسلامی ملکوں کے سفیروں اور عوام کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے نمازیوں سے خطاب میں بعض اسلامی ملکوں میں اغیار کی جانب سے مسلط کردہ اختلافات اور واقعات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ایمان اور وحدت کلمہ دشمنوں کی سازشوں کے مقابل قوموں کی استقامت کے دو عوامل ہیں۔ انہوں نے فرمایا کہ مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ کے ممالک سمیت اسلامی ملکوں میں موجود اختلافات اور واقعات سے بچنے کا راستہ یہ ہے کہ قومیں اپنے دانشوروں کی حکمت اور پیشواؤں اور عقلاء کی ہدایت و رہنمائی سے فیصلے کریں اور اغیار کی مخاصمانہ مداخلت اور لوگوں کے دلوں میں نفاق ڈالنے کو روکا جائے۔رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران میں مختلف مذاہب اور اقوام کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ اور سیاسی گروہ وحدت و اتحاد کے ساتھ ایک راستے پر آگے بڑھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ملت ایران کے ایمان اور اتحاد و یکجہتی کے جذبے کے سامنے سیاسی نسلی اور مذہبی اختلافات ڈالنے کے لیے دشمنوں کی سازشیں ناکام رہی ہیں۔رہبر انقلاب اسلامی نے ایران کی عظیم قوم اور دنیا کے تمام مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ خداوند متعال تمام مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مجاہدانہ کوششوں کی توفیق عطا فرمائے گا۔رہبر انقلاب اسلامی نے آ ج نماز عید الفطر کے خطبوں میں عالمی یوم کے جلوسوں میں بھرپور شرکت کو ماہ رمضان میں ملت ایران کی مجاہدانہ کوششوں میں سے قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ ملت ایران نے ایران بھر میں ان جلوسوں میں شرکت کر کے دنیا اور عالم اسلام کے اہم مسائل کے بارے میں قومی استقامت اور زندہ ہونے کو ثابت کیا۔انہوں نے شمالی افریقہ اور مغربی ایشیا کے ملکوں میں رونما ہونے والے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ افسوس ایران کے مسرت بخش حالات و واقعات کے برخلاف مسلم علاقوں کے حالات و واقعات باعث تشویش ہیں۔رہبر انقلاب اسلامی نے مظلوم فلسطینی قوم کے خلاف صیہونیوں کے ظلم جاری رہنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ دنیا کی موجودہ مشکلات میں سے ایک مشکل انسانی حقوق اور جمہوریت کے جھوٹے دعویداروں کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کی کھلی جارحیت اور جرائم کی حمایت ہے۔ انہوں نے نام نہاد فلسطینی انتظامیہ اور صیہونیوں کے درمیان ساز باز مذاکرات کی بحالی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یقینا ان مذاکرات کا بھی گزشتہ مذاکرات کی مانند فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی اور مزید جرم و جارحیت کی حوصلہ افزائی کے علاوہ اور کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔رہبر انقلاب اسلامی نے مصر کے حالات کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ اس ملک میں خانہ جنگي کا امکان بڑھ گيا ہے اور یہ ایک المیہ ہے۔ اگر اس ملک میں خانہ جنگی شروع ہو گئی تو غیرملکی طاقتوں کو مداخلت کرنے کا بہانہ مل جائے گا اور مصری قوم کے سر پر ایک بڑی مصیبت نازل ہو جائے گی۔رہبر انقلاب اسلامی نے عراق کے حالات کو بھی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ عراق میں ایک ایسی حکومت برسراقتدار ہے کہ جو عوام کے ووٹوں کی بنیاد پر منتخب ہوئي ہے لیکن بڑی طاقتیں اور علاقے کے رجعت پسند افراد اس چیز سے خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے فرمایا کہ عراق میں عوام کا قتل عام اور دہشت گردی کے واقعات یقینا علاقے اور علاقے سے باہر کے بعض ممالک کی سیاسی و فوجی مدد سے انجام پا رہے ہیں تاکہ اس ملک میں امن و قائم نہ ہو اور وہ ترقی نہ کرے۔رہبر انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے عید سعید فطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ رمضان، وحدت و اتحاد کا مہینہ ہے اور تمام قوموں کو ایک ہی اعمال و مناسک کے ساتھ اپنے پیوند اور رشتے کو مضبوط کرنا چاہیے۔ انہوں نے عیدالفطر کو استقامت و پائیداری اور تہذیب نفس کی عید قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مسلمان ملکوں خاص طور پر ان ممالک کی، جو آج غیرملکی مداخلت کی وجہ سے مصیبتوں کا شکار ہیں، مصیبتیں اور مشکلات دور ہوں گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲
8 اگست 2013 - 19:30
News ID: 450209
رہبر انقلاب اسلامی نے نماز عید کے خطبوں میں ایمان اور وحدت کلمہ کو دشمنوں کی سازشوں کے مقابل قوموں کی استقامت کے دو عوامل قرار دیا ہے۔