2 اگست 2013 - 19:30
جموں و کشمیر پیروان ولایت کے زیر اہتمام خندہ بڈگام میں قدس ریلی

مولانا قمی نے کہا کہ امامِ راحل حضرت امام خمینی (رہ) نے قبلہ اول کی بازیابی کے لئے ملت اسلامیہ کے سامنے جمعة الوداع کو یوم القدس کا تصور پیش کرکے ایسی جدوجہد کا آغاز کیا جو قبلہ اول کی آزادی پر منتج ہوگا۔

ابنا: جمعة الوداع کی تقریب سعید کے موقعہ پر مقبوضہ کشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کی مرکزی جامع مسجد زینبیہ میں پیروانِ ولایت جموں و کشمیر کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے عوام پر زور دیا کہ وہ انفرادی زندگی پر اجتماعی زندگی کو ترجیح دیں، انہوں نے کہا کہ اقوام عالم میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے اور المیہ یہ ہے کہ اس میں مسلم حکمران برابر کے شریک ہیں، مولانا قمی نے کہا کہ امامِ راحل حضرت امام خمینی نے قبلہ اول کی بازیابی کے لئے ملت اسلامیہ کے سامنے جمعة الوداع کو یوم القدس کا تصور پیش کرکے ایسی جدوجہد کا آغاز کیا جو قبلہ اول کی آزادی پر منتج ہوگا، مولانا شبیر قمی نے مسلمانوں کو عربی، عجمی، مشرقی و مغربی کے حصار سے باہر آکر انفرادیت کے بجائے اجتماعی سوچ پیدا کرنے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ ہم طاغوتی طاقتوں خصوصاً امریکہ اور اسرائیل کی مسلم دشمن سازشوں کو اسی وقت ناکام بنانے میں کامیاب ہوں گے جب ہم میں اجتماعی سوچ پیدا ہوجائے، انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے آپ کو فقط اور فقط اسلام کے آفاقی اصولوں کے تابع رکھیں اسی میں ملت کی دین و دنیا کی بقاء مضمر ہے۔

نماز جمعہ کے فوراً بعد فرمان امام خمینی (رہ) پر عمل پیرا ہو کر لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے مولانا شبیر قمی کی قیادت میں قدس ریلی نکالی، اس موقعہ پر نوجوانوں نے اسرائیل اور امریکہ کے قومی جھنڈوں کو نذر آتش کیا اور ان کے خلاف اور اسلام کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کی، ریلی مختلف بازاروں سے ہوکر خمینی چوک خندہ پہنچی جہاں پر نوجوانوں نے امریکی صدر کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔

.......

/169