20 جولائی 2013 - 19:30
حکومت آل پارٹیز کانفرنس سے قبل امریکہ کیساتھ اتحاد کو ختم کرے، آصف لقمان قاضی

سیمینار سے خطاب میں نائب صدر ملی یکجہتی کونسل کا کہنا تھا کہ شام کی صورتحال انتہائی افسوسناک ہے جہاں روزانہ ایک سو افراد طرفین سے شہید ہو رہے ہیں۔ مقدسات تک محفوظ نہیں ہیں۔

ابنا: ملی یکجہتی کونسل کے تحت منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آصف لقمان قاضی کا کہنا تھا کہ ملی یکجہتی کونسل اتحاد امت کا ایک پلیٹ فارم ہے، جہاں امت کو مشترکات پر اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت میں موجود چند گنے چنے تفرقات کو علمی بنیادوں پر مخاطب کیا جائے۔ امت میں صرف ایک ملک کے مسلمان شامل نہیں بلکہ کرہ ارض پر پھیلے ہوئے مسلمان بلاتفریق رنگ و نسل شامل ہیں۔ ہم تمام مسلمانوں میں سب سے بڑی قدر مشترک نبی اکرم ( ص) کی ذات گرامی ہے۔

نائب صدر ملی یکجہتی کونسل کا کہنا تھا کہ ہم سب نبی (ص) کے امتی ہیں۔ اللہ نے ہمیں مسلمان کا نام دیا ہے نہ کہ شیعہ و سنی کا۔ سب سے پہلے پاکستان، سب سے پہلے شام یہ استعماری کے دیئے ہوئے نعرے ہیں جو امت کا شیرازہ بکھیر دینا چاہتے ہیں۔ شام کی صورتحال انتہائی افسوسناک ہے جہاں روزانہ ایک سو افراد طرفین سے شہید ہور ہے ہیں۔ مقدسات تک محفوظ نہیں ہیں۔ پاکستان ادارے اس سلسلہ میں خاموش تماشائی کا کردار ترک کرکے اس معاملہ میں دخیل ہوں اور اپنا کردار ادا کریں۔ ملی یکجہتی کونسل کے نائب صد ر نے کہا کہ ہم راجہ ظفر الحق کے توسط سے حکومت کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ آل پارٹیز کانفرنس سے قبل امریکہ کے ساتھ اتحاد کو ختم کیا جائے۔ ربا و سود، الیکٹرانک میڈیا پر فحاشی جیسے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

.......

/169