20 جولائی 2013 - 19:30
شام کی صورتحال انتہائی خطرناک، پوری مسلم دنیا اسکی لپیٹ میں ہے، راجہ ظفرالحق

معتمر العالم الاسلامی کے رہنما نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ شام میں ایران عراق جنگ جیسی صورتحال پیدا کر دی گئی ہے، جو پوری امت مسلمہ کو اپنے لپیٹ میں لے چکی ہے۔

ابنا: ملی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام ’’امت مسلمہ کے سلگتے مسائل‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ آج کی یہ تقریب قابل ستائش ہے۔ 10 رمضان المبارک کو منعقدہ اس تقریب میں وہ مسائل زیر بحث لائے گئے ہیں جو ہمارے قلوب و اذہان میں موجود تھے۔ اس بحث و مباحثہ میں آئندہ نوجوانوں کو بھی شامل کیا جائے۔ چیئرمین پاکستان مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ تبدیلی سیاستدان نے نہیں بلکہ عام مسلمان نے لانی ہے۔

ایران میں منعقدہ ایک کانفرنس میں ڈاکٹر علی لاریجانی کا تذکرہ کرتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے کہا کہ کاش اگر سید جمال الدین افغانی جوانوں پر محنت صرف کرتے تو جلد صلہ پالیتے۔ رہنما معتمر عالم اسلامی کا کہنا تھا کہ آج دو ہزار کے قریب میڈیا سنٹرز اسلام کے خلاف ہرزہ سرائی میں مشغول ہیں۔ اسی قسم کی ہرزہ سرائیوں کی روک تھام اور امت مسلمہ کی وحدت کے لئے او آئی سی کا قیام 1969ء میں عمل میں لایا گیا، جب ایک یہودی نے منبر کو نذر آتش کیا۔ مسلم دنیا سے دو ہزار سربراہان مراکش میں سرجوڑ کر بیٹھے اور او آئی سی کی بنیاد ڈالی۔ مگر رفتہ رفتہ قیادتوں کو سین سے ہٹایا گیا، آج یہ تنظیم موجود ہے لیکن اس کا کردار مسلمانوں کے مسائل میں نہ ہونے کے برابر ہے۔

رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ شام میں پیدا ہونے والی صورتحال انتہائی خطرناک ہے، پوری مسلم دنیا اس کی لپیٹ میں ہے۔ عراق ایران جنگ جیسی صورتحال پیدا کر دی گئی ہے۔ فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر بات کرتے ہوئے رہنما معتمر العالم الاسلامی کا کہنا تھا کہ فلسطین کی منتخب قیادت ایک مرتبہ پھر اسرائیل کے ساتھ بات چیت پر آمادہ ہوئی گئی ہے لیکن یہ مذاکرات ہمیشہ کی طرح بے سود رہیں گے۔ جس کی بڑی وجہ اسرائیل کی غیر سنجیدگی اور بدنیتی ہے۔ افسوس کا مقام ہے کہ اسرائیل اس بات کا فیصلہ کرتا ہے کہ فلسطین میں کون داخل ہو اور کون داخل نہ ہو۔ فلسطینیوں کو اپنے گھر واپسی کا حق حاصل نہیں، یہ ایک تاریخی ظلم ہے۔

.......

/169