20 جولائی 2013 - 19:30
پاکستان افغانستان میں کوئی مداخلت نہیں کرے گا: نواز شریف

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ افغانستان میں کسی گروپ کی حمایت کی جائیگی نہ ہی کوئی مداخلت۔

ابنا: اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے آج اسلام آباد میں وزارت خارجہ کا دورہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سرتاج عزیز کو پاکستان کی نئی حکمت عملی پر افغان حکومت کواعتماد میں لینے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ افغانستان میں عدم مداخلت کی پالیسی اپنائی جائے گی ، ماضی میں مداخلت کی پالیسی سے پاکستان کے مفادات کو بہت نقصان پہنچا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں کسی بھی گروپ کی حمایت نہیں کرے گا ، افغان امن عمل میں وہاں کی حکومت اور عوام کی رائے کا ساتھ دیاجائے گا۔ نواز شریف کا کہناتھاکہ افغانستان میں امن کے حوالے سے مذاکراتی عمل میں پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کو تیارہے تاہم اس حوالے سے امور باہمی مشاورت سے طے کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک اور اقوام عالم کے ساتھ برابری کی بنیاد پر دوستانہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز کرنے جارہا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲