13 جولائی 2013 - 19:30
عراق میں دہشت گردانہ حملے، 43 افراد جاں بحق

عراق کے دارالحکومت بغداد میں سنی مسلمانوں کی دو مسجدوں کے پاس دو بم دھماکوں سمیت ملک بھر میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی نئی لہر میں 43 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

ابنا: سنیچر کو جنوبی بغداد کے دورا علاقے میں واقع خالد بن ولید مسجد کو ایک خودکش حملہ آور نے ہدف قرار دیا جس کے باعث 16 لوگوں کی موت ہو گئی۔

حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے سنیچر کی شام افطار کے بعد نماز کے لیے جمع ہونے والے افراد کو نشانہ بنایا۔

جنوبی بغداد کے دورا علاقے میں ہی ایک کیفے کے پاس سڑک کے کنارے نصب کیے گئے بم کے دھماکے میں نو لوگ مارے گئے۔

مغربی بغداد کے جامعہ ضلع میں واقع ملا حویش مسجد کے پاس ایک کار بم دھماکے میں سات لوگ جاں بحق ہو گئے۔

بغداد کے شمال مشرق میں 50 کلو میٹر کے فاصلہ پر بعقوبہ کے زہرہ گاؤں میں بم دھماکے کا نشانہ ایک جنازہ بنا اور اس حملے میں چار سکیورٹی اہلکار اور ایک عام شہری جاں بحق ہو گئے۔ اس دھماکے میں دس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

عراق میں یہ پرتشدد کارروائیاں ملک کے شمالی شہر کرکوک میں جمعہ کو ایک کیفے میں ہونے والے دھماکے کے بعد ہوئی ہیں جس میں 38 افراد مارے گئے تھے۔

عراق میں گزشتہ چند ماہ میں تشدد میں تیزی آئی ہے اور اقوامِ متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2013 سے اب تک ڈھائی ہزار سے زائد عراقی مارے جا چکے ہیں۔

عراق میں القاعدہ سے منسلک غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ وسیع پیمانے پر دہشت گردانہ کارروائیوں میں مصروف ہيں۔ امریکہ اور اس کے اتحادی علاقائی ممالک عراق میں فرقہ وارانہ فسادات اور خانہ جنگی کرا کے ملک کی تقسیم کی سازش رچ رہے ہیں۔

.......

/169