ابنا: جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو ایڈوکیٹ نے لیاری سمیت کراچی میں جاری قتل و غارتگری کی مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومتی ناکامی قرار دیا ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ کراچی میں بے گناہ لوگوں کے خون سے ہولی دراصل بھتہ کی خاطر کراچی میں قبضہ کی جنگ ہے جس میں عالمی استعماری قوتیں بھی ملوث ہیں۔ وہ اس طرح کے افسوس ناک واقعات کے ذریعے خانہ جنگی، معیشت کو تباہ اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ بدامنی سے تنگ آکر اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ اس تمام صورتحال پر حکومت سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اندھے، بہرے اور گونگے بن کر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ممتاز حسین سہتو ایڈوکیٹ نے کہا کہ حکمرانوں کی مفاہمت کی پالیسی کے نتیجے میں آج شہر کراچی خون میں لہو لہان ہے۔ سو سو قتل کرنے کا اعتراف کرنے والے دہشت گردوں کو مفاہمت کی پالیسی کے تحت تمام سہولتیں اور بعض خطرناک ملزمان کو پے رول پر رہا کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قاتل گروہوں نے شہر کا امن و کاروبار تباہ اور عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے مگر حکمرانوں کی سر پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت شہریوں کی جان و مال کی حفاظت، جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلا تفریق کارروائی کرکے شہر کا امن و امان بحال کرے۔
.....
/169