ابنا: اس بارے میں سارے روس کی مسلمان برادری کے اجلاس میں، جو ماسکو میں ہوا، روس کے مفتیوں کی کونسل کے سربراہ شیخ راویل گینتدین نے بتایا ہے:"روس لاکھوں مسلمانوں کی محبوب مادر وطن ہے۔ اللہ کی مدد سے اس محبت کا اظہار ماسکو کی جامع مسجد کی شکل میں ہوگا۔ تعمیر نو کے بعد اس مسجد کو مئی 2015 میں تب کھولا جائے گا جب سوویت عوام کی فسطائیت پہ فتح کی سترویں سالگرہ منائی جائے گی۔" انہوں نے کہا۔تعمیر نو مکمل ہو جانے کے بعد اس مسجد میں بارہ ہزار تک افراد اکٹھے نماز پڑھ سکیں گے۔ یہ اس تعداد سے چھ گنا زیادہ ہوگی جو، اب تک ماسکو کی جامع مسجد میں اکٹھے نماز پڑھ سکتے ہیں۔ اب تک مسجد کا کنکریٹ کا ڈھانچہ اور 72 میٹر بلند دو مینار تعمیر کیے جا چکے ہیں۔ گنبد بنانے کا کام ہو رہا ہے، جس کے بعد روسی اور ترک کاریگر اندرونی آرائش کا کام شروع کریں گے۔مسجد کی چھ منزلہ یادگار عمارت جس کے اطراف میں نماز پڑھنے کے ہال ہونگے، اپنی تعمیر کے بعد روس میں مسلمانوں کا نماز پڑھنے کے لیے جگہ کی کمی کا دیرینہ مسئلہ حل کر دے گی۔ شماریات کے مطابق اس وقت ماسکو میں رہنے والے مسلمانوں کی تعداد بیس لاکھ کے قریب ہے۔ اتنے ہی مسلمان ماسکو صوبے میں رہتے ہیں۔ ماسکو کے چار مضافاتی شہروں میں مساجد پہلے سے موجود ہیں جبکہ ایسے چھ مزید شہروں میں مسجدیں زیر تعمیر ہیں۔ کچھ عرصہ پیشتر صوبہ ماسکو کے مسلمانوں کی دینی کونسلوں کے سربراہوں نے صوبے کے گورنر سے ملاقات کی اور ان سے مزید آٹھ قصبات میں مساجد کی تعمیر بارے بحث کی۔دارالحکومت اور اس سے ملحق خطہ ہی روس کا وہ حصہ نہیں ہے جہاں مساجد کی کمی محسوس کی جاتی ہے۔ شیخ راویل گینتدین نے ریڈیو "صدائے روس" کی نامہ نگارہ کو بتایا:"مساجد کی تعمیر کے مطالبے بہت ہی زیادہ ہیں۔ وہ خطے جہاں یہ مسئلہ زیادہ شدت سے محسوس کیا جاتا ہے، ان میں روس کے مشرق بعید میں سمندر سے منسلک خطہ، بحیرہ اسود کا ساحلی شہر سوچی جہاں 2014 میں سرمائی اولمپکس ہونگی اور روس کے مرکزی صوبے شامل ہیں، جہاں کئی سالوں سے مسلمانوں کی تنظیمیں کام کر رہی ہیں۔ قانون کی حدود میں رہتے ہوئے ہم شہروں اور صوبوں کی انتطامیہ سے مذاکرات کر رہے ہیں اور زور دے رہے ہیں کہ ہمیں مساجد کی تعمیر کی خاطر قطعہ ہائے اراضی دیے جائیں۔ کئی خطوں میں مساجد کی تعمیر پہلے ہی ہو رہی ہے۔"آج روس میں تقریبا" دو کروڑ مسلمان بستے ہیں۔ مساجد کی تعداد آٹھ ہزار کے قریب ہے اور ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ کچھ عرصہ پیشتر ری پبلک تاتارستان کے دارالحکومت کازان کے نواح میں ایک مسجد کا شاندار افتتاح ہوا ہے۔ اس مسجد کا نام "امید" ہے۔......./169
26 جون 2013 - 19:30
News ID: 434464
ماسکو کی جامع مسجد جس کی اب یکسر تعمیر نو کا عمل جاری ہے، کی شاندار رسم افتتاح مئی 2015 میں ہوگی۔