22 جون 2013 - 19:30
دہشتگرد مذاکرات کے نہیں پھانسی کے مستحق ہیں، فضل عباس نقوی

ملتان میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری اُمور جوانان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں پاکستان میں ایسا ماحول ہموار کرنا چاہتی ہیں کہ پاکستان ایک غیر محفوظ ملک بن جائے۔

ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اُمور جوانان سید فضل عباس نقوی ایڈووکیٹ نے ملتان میں سانحہ پشاور کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور جہاں سکیورٹی اداروں کے لیے ناکامی کا باعث ہے وہیں پر نئی وفاقی اور صوبائی حکومت کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ دہشت گرد مذاکرات کے نہیں پھانسی کے مستحق ہیں، حکومت طالبان کے ساتھ مذاکرات کی بجائے اُن کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ عالمی طاقتیں پاکستان میں ایسا ماحول ہموار کرنا چاہتی ہیں کہ پاکستان ایک غیر محفوظ ملک بن جائے۔ طاغوت دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی تشیع سے خوف زدہ ہے، اسی لیے ہمارے مساجد، امام بارگاہ، مدارس اور دیگر ادارے دہشت گردی کا نشانہ بن چکے ہیں۔ ملتان کے علاوہ جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں خانیوال، کبیروالا، عبدالحکیم، میاں چنوں، تلمبہ، ساہیوال، بہاولپور، لودھراں، رحیم یارخان، احمد پور شرقیہ، علی پور، مظفر گڑھ، خانگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازیخان، راجن پور، تونسہ شریف میں بھی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے، جن پر پشاور میں ہونے حملے کے خلاف اور ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔......./169