16 جون 2013 - 19:30
قائداعظم کی رہائش گاہ کی تباہی، قومی ورثوں کی سکیورٹی سخت

بلوچستان کے علاقے زیارت میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی رہائش گاہ پر حملے کے بعد پاکستان بھر میں قومی ورثوں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی۔

ابنا: کراچی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق کراچی میں قائد اعظم میوزیم اور ان کی جائے پیدائش وزیرمینشن کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ کراچی میں ریڈ زون میں واقع قائداعظم میوزیم کی سیکیورٹی میں اضافہ کر تے ہوئے پولیس اور رینجرز کے اضافی دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔ یہ دستے فاطمہ جناح روڈ پر سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے جبکہ عقبی علاقے میں سیکیورٹی کی ذمے داری فوج کی ہوگی، کھارادر میں واقع بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی جائے پیدائش وزیر مینشن کی سیکیورٹی میں بھی غیرمعمولی اضافہ کردیا گیاہے اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھادی گئی ہے۔واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقےزیارت میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی رہائش گاہ پر جہاں بانئ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی زندگی کے آخری ایام گذارے تھے جمعہ کی رات ڈیڑھ بجے مسلح دھشتگردوں نے حملہ کیا جس سے قائداعظم کی رہائش گاہ مکمل طور پر جل گئی اورحملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ڈی پی او کے مطابق عمارت کے ارد گرد 6 بم ملے تھے جن کو ناکارہ بنا دیا گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ریزیڈینسی پر ایک ریموٹ کنٹرول اور 3 ٹائم ڈیوائسز سے حملہ کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 4 سے 5 تھی۔پاکستان کی حکومت،عوام،سیاسی اور مذھبی جماعتوں کے رھنماوں اور ایوان بالا سینٹ نے واقعہ کی بھر پور اندازمیں مزمت کی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲