10 جون 2013 - 19:30
الیکشن 2013،انتخابی مہم کے خاتمے کی الٹی گنتی شروع

ايران ميں صدارتي اليکشن کے لئے پولنگ ميں دودن بچے ہيں - جمعے کو عوام ملک کے گيارہويں صدر کا انتخاب کريں گے جس کے لئے اميدواروں کي تشہيراتي مہم جاري ہے جبکہ دو اميدواروں ڈاکٹر حداد عادل اور ڈاکٹر محمد رضا عار‌ف نے اپنے کاغذات نامزدگي واپس لے لئے ہيں۔

ابنا: اصلاح پسند دھڑے کے اميدوار ڈاکٹر محمد رضا عارف نے پير کي رات اس دھڑے کے دوسرے اميدوار ڈاکٹر حسن روحاني کے حق ميں اپنے کاغذات نامزدگي واپس لے لئے- محمد رضا عارف نے پير کي رات ايراني قوم کے نام ايک خط ميں اعلان کيا ہے کہ سابق صدر سيد محمد خاتمي کے کہنے پر وہ ڈاکٹر حسن روحاني کے حق ميں بيٹھ رہے ہيں - انہوں نے اپنے خط ميں اسي طرح ، انتخابات ميں شرکت کو عوام کا حق اور فريضہ قرار ديتے ہوئے ايراني قوم سے درخواست کي ہے کہ چودہ جون دو ہزار تيرہ کے انتخابات ميں پورے جوش وخروش کے ساتھ شرکت کرکے اسلامي نظام اور عظمت ايران کي بقا کے لئے يادگار سياسي کارنامہ انجام ديں۔
اس سے پہلے پير کي شام  اصول پسند دھڑے کے اميدوار  ڈاکٹر غلام علي حداد عادل نے ايک بيان جاري کرکے دوسرے اصول پسند اميدواروں کے حق ميں  اپنے کاغذات نامزدگي واپس لينے کا اعلان کيا تھا - انہوں نے اپنے بيان ميں  ايراني عوام سے درخواست کي ہے کہ صدارت کے لئے ايسے اميدوار کو ووٹ ديں جو  اسلامي انقلاب کے اصولوں اور حضرت امام خميني رحمت اللہ عليہ  نيز قائد انقلاب اسلامي کي بيان کردہ اقدار کا پابند ہو۔
  دوسري طرف اصلاح پسند دھڑے کے اميدوار ڈاکٹر حسن روحاني نے اپني انتخابي مہم ميں اعلان کيا ہے کہ ان کي تدبير اور اميد کي حکومت مردوں کي طرح خواتين کے بھي سماجي حقوق کي حمايت کرے گي - انہوں نے  تبريز ميں ايک عوامي اجتماع سے خطاب ميں کہا کہ مستقبل کا صدر عوام کے ووٹوں سے اقتدار ميں آئے گا اور ان کي تدبير اور اميد کي حکومت بے روزگاري ختم کرے گي - ڈاکٹر حسن روحاني نے کہا کہ تدبير اور اميد کي حکومت ميں خارجہ پاليسي تبديل کي جائے گي ليکن اس کا مطلب يہ نہيں ہے کہ ايران دشمنوں کے سامنے جھک جائے گا - انہوں نے کہا کہ ان کي خارجہ پاليسي دنيا کے ساتھ افہام و تفہيم پر استوار ہوگي - تدبير اور اميد کي حکومت ڈاکٹر حسن روحاني کا انتخابي سلوگن ہے۔
  ادھر اصول پسند دھڑے کے اميدوار ڈاکٹر سعيد جليلي نے  مشہد ميں ايک عوامي جلسے ميں کہا کہ ارادوں کے ٹکراؤ ميں ايراني قوم کامياب ہے - انہوں نے کہا کہ ايراني قوم نےگزشتہ چونتيس برسوں کے دوران  خدا پر توکل اور عوام پر بھروسے کي اساس پر عظيم کارنامے انجام ديئے ہيں - انہوں نے کہا کہ خداپر توکل اور عوام پر بھروسہ اس بات کا باعث بنا ہے کہ اسلامي جمہوريہ ايران دنيا کي بڑي طاقتوں کے سامنے ڈٹ جائے اور اپنے حقوق کا دفاع کرے - انہوں نے کہا کہ ايٹمي حقوق کا دفاع پوري ايراني قوم کا دفاع ہے - ڈاکٹر سعيد جليلي نے کہا کہ ايراني قوم دشمن کو ايسا سبق سکھانا چاہتي ہے کہ پھر وہ اس قوم کے حقوق پر لالچ کي نگاہ ڈالنے کي جرائت نہ کرسکے۔
قاليباف نے اعلان کيا ہے کہ مستقبل کي حکومت ميں کسي اختلاف اور لڑائي کي گنجائش نہيں ہوگي- انہوں نے  شہر اصفہان کي مسجد سيد ميں ايک اجتماع سے خطاب ميں کہا کہ آج جہادي جذبے کي ضرورت ہے اور اس جذبے ميں کسي اختلاف ، لڑائي ، تہمت اور دوسروں کو کمزور کرنے کي گنجائش نہيں ہے۔
  اصول پسند دھڑے کے ہي ايک اور اميدوار ڈاکٹر علي اکبر ولايتي نے  تہران کے جنوب ميں واقع رباط کريم ميں عوامي جلسے سے خطاب ميں انتخابات ميں جوش وجذبے کے ساتھ شرکت کو انقلاب کي حمايت قرار ديا اور کہا کہ ايران کے عوام ہميشہ ميدان عمل ميں موجود رہے ہيں اور چودہ جون کو وہ ايک بار پھر صدارتي اليکشن ميں بھر پور شرکت کرکے دشمنوں کي سازشوں کو ناکام بناديں گے۔ ڈاکٹر ولايتي نے کہا کہ مستقبل کي حکومت کا فريضہ يہ ہے کہ پہلي فرصت ميں، گراني، افراط زر اور بے روزگاري سميت  عوام کي تمام بنيادي مشکلات کے حل کا راستہ تلاش کرے - انہوں نے کہا کہ خودسرانہ پابنديوں پر غلبہ پانے کے لئے ضروري ہے کہ خارجہ سياست اور ڈپلوميسي کو پہلے سے زيادہ فعال کيا جائے۔
  آزاد صدارتي اميدوار ڈاکٹر محسن رضائي نے تہران کے شيرودي اسٹيڈيم ميں عوامي جلسے سے خطاب ميں کہا کہ کارآمد  اقتصادي پاليسي اور مضبوط ڈپلوميسي کے ذريعے ايراني عوام کي مشکلات حل کي جاسکتي ہيں - انہوں نے کہا کہ عوام کي مدد سے ايران اپني کاميابيوں اور پيشرفت کا سلسلہ جاري رکھے گا - محسن رضائي نے وعدہ کيا کہ وہ ايراني قوم کي مدد سے غربت ، بے روزگاري اور گراني کو جڑسے ختم کرديں گے - انہوں نے کہا کہ امريکا اور صيہوني حکومت ايراني قوم کو مايوس کرنے کا خواب اپنے ساتھ قبر ميں لے جائيں گے۔ 
   گيارہويں صدارتي اليکشن کے ايک اور آزاد اميدوار محمدغرضي نے ايران کے قومي ٹيليويژن کے چينل تين پر ايک پروگرام ميں افراط زر اور گراني پر قابو پانے اور اقتصادي مسائل کے حل کو اپنا بنيادي ترين ايجنڈا قرار ديا - انہوں نے اسي کے ساتھ نجکاري کي پاليسي کي حمايت کرتے ہوئے کہا کہ اس پاليسي پر افراط زر پر قابو پاکے ہي صحيح طور پر عمل کيا جاسکتا ہے.
.....
/169