5 جون 2013 - 19:30
مسلمانوں کیخلاف اشتعال انگیز واقعات میں اضافہ، شرپسندوں نے اسلامک سنٹر، مسجد کو آگ لگادی

علاقے کی مسلم کمیونٹی کا کہنا ہے کہ فوجی کو قتل کرنے والے کسی شخص کی حرکت کا بدلہ اسلامی مراکز پر حملوں سے لیا جا رہا ہے، جس کا حکومت کو نوٹس لینا چاہیے۔

ابنا: لندن میں نامعلوم افراد نے اسلامک سنٹر اور مسجد میں آگ لگا دی۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ برطانوی فوجی کے قتل کے بعد مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ شمالی لندن کے علاقے barnet میں واقع اسلامک سنٹر اور مسجد میں نامعلوم افراد نے آگ لگا دی۔ واقعہ صبح کے وقت پیش آیا، پینتیس فائر فائٹرز نے کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ مسجد کے صدر عبدل علی نے آگ لگانے کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دیگر ذرائع کے مطابق شرپسندوں نے اسلامک سینٹر کو آگ لگا دی، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ واقعہ میں وہ انتہا پسند تنظیم انگلش ڈیفنس لیگ ملوث ہے جو برطانوی فوجی کے قتل کے خلاف پرتشدد مظاہرے کرتی رہی ہے۔ برطانیہ میں ایک اور اسلامی سینٹر کو آگ لگادی گئی ہے۔ شمالی لندن میں واقع یہ اسلامی سینٹر صومالیہ سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی کا ہے اور تباہ عمارت کے کچھ حصوں پر ای ڈی ایل کے الفاظ واضح ہیں جو انگلش ڈیفنس لیگ کو مختصرا ًظاہر کرنے کے لیے لکھا جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ میں جو بھی ذمہ دار ہوا، انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔لندن کے علاقے وول ایچ میں برطانوی فوجی کو 2 ہفتے پہلے دن دیہاڑے قتل کیے جانے کے بعد سے اب تک 2 مساجد پر حملے کیے جاچکے ہیں جبکہ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی کے 2 سو 22واقعات رپورٹ کیے جاچکے ہیں۔ نارتھ لندن کے کمیونٹی سینٹر پر حملے کے بعد علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔ الرحمہ اسلامی سینٹر بچوں کو قرآن اور دینی تعلیم کا مرکز تھا۔ علاقے کی مسلم کمیونٹی کا کہنا ہے کہ فوجی کو قتل کرنے والے کسی شخص کی حرکت کا بدلہ اسلامی مراکز پر حملوں سے لیا جا رہا ہے، جس کا حکومت کو نوٹس لینا چاہیے۔

.......

/169