30 مئی 2013 - 19:30
اسرائیل کی طرف سے  بیت المقدس میں یہودیوں کیلئے ایک ہزار نئے گھر بنانے کا اعلان

اسرائیل نے مقبوضہ بیت المقدس میں یہودیوں کیلئے ایک ہزار نئے گھر بنانے کا اعلان کیا ہے۔

ابنا: اسرائیل نے یہودیوں کی نئی آبادکاری کا اعلان کر دیا ہے، جس سے امن کوششوں کو دھچکا پہنچا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی وزرات ہاوسنگ نے جمعرات کو کہا ہے کہ اس نے یہودی آبادکاری کیلئے مشرقی یروشلم میں 300 نئے مکانات تعمیر کرنے کی حتمی منظوری دیدی ہے، جبکہ مغربی کنارے میں بیت لحم کی نزدیک آٹھ سو گھر فروخت کے لئے پیش کئے جائیں گے جس سے اسرائیل اور فلسطین کے مابین امن کیلئے کی جانے والی کوششوں کو دھچکا پہنچے گا۔ امریکی وزارت خارجہ نے اسرائیل کے اس اقدام کو مشرق وسطٰی میں قیام امن کی کوششوں کیلئے نقصان دہ قرار دیا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے مذکورہ تعمیراتی منصوبے کا اعلان امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے اس بیان کے ایک ہفتے سے کم وقت گزر جانے کے بعد کیا گیا ہے جس میں انہوں نے اسرائیل کو اپنے مشرق وسطٰی کے دورے کے دوران اشتعال انگیز اقدامات سے اجتناب کرنے کو کہا تھا۔ دوسری جانب فلسطینی حکام نے کہا ہے کہ اسرائیلی آبادکاری کے اقدام سے فریقین میں امریکہ کی جانب سے کی جانے والی ثالثی کی کوششیں متاثر ہونگی۔ 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲