اہلبیت (ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بحرین کی علماء کونسل کے سربراہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم، انقلابی تنظیم ’’الوفا‘‘ کے جنرل سیکریٹری ’’ عبد الوہاب حسین‘‘ اور تنظیم ’’الوفاق‘‘ کے جنرل سیکریٹری ’’ حجۃ الاسلام شیخ علی سلمان‘‘ کی آپس میں ملاقات ہوئی۔

یہ وہ ملاقات ہے جس کا بحرین کے شیعوں کو انتظار تھا۔ انقلابی تنظیم الوفاء کے جنرل سیکریٹری کی عارضی طور پر رہائی کے بعد ان کی والدہ کی تشییع جنازہ کے مراسم انجام پائے اور تشییع جنازہ میں شرکت کرنے والوں نے آل خلیفہ کے خلاف نعرے لگائے۔

’’عبد الوہاب حسین‘‘ جنہیں ۱۴ فروری ۲۰۱۱ کو ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران گرفتار کر کے آل خلیفہ کی جیل میں بند کر دیا گیا تھا کو کل۔۲۰ مئی۔ پیر کے دن ان کی والدہ کے تشییع جنازہ میں شرکت کرنے کے لیے عارضی طور پر رہا کر دیا گیا۔

ابنا کی رپورٹ کے مطابق عبد الوہاب حسین کہ جنہیں بحرین میں ’’ استاد‘‘ اور ’’ مفجر الثورۃ‘‘ ( انقلاب کی ابتدا کرنے والا) کے عناوین سے خطاب کیا جاتا ہے ایک انقلابی تنظیم ’’ تیار الوفاء الاسلامی‘‘ کے بانی ہیں۔ یہ وہ انقلابی تنطیم ہے جسے نظریاتی اور عملی اعتبار سے انقلاب اسلامی ایران کے تفکر سے کافی نزدیک قرار دیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ بحرین عوام دو سال سے اس ملک کی ظالمانہ حکومت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں اور پر امن مظاہرے کر کے اپنے حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ آل خلیفہ کے مزدور انہیں سرکوب کرنے اور دبانے کے لیے ہر ممکن حربہ استعمال کرنے سے دریغ نہیں کرتے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲