12 مئی 2013 - 19:30
سعود الفیصل کی ایران کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کی تاکید

سعودی عرب کے وزير خارجہ سعود الفیصل نے جدہ میں ایرانی وزیر خارجہ علی اکبر صالحی کے ساتھ ملاقات میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر تاکید کی ہے۔

ابنا: سعودی عرب کے وزير خارجہ سعود الفیصل نے جدہ میں ایرانی وزیر خارجہ علی اکبر صالحی کے ساتھ ملاقات میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر تاکید کی ہے۔ایرانی وزیر خارجہ مالی کے بحران کے سلسلے میں اسلامی تعاون تنظيم کے اجلاس میں شرکت کے لئے کل رات جدہ پہنچے، جہاں سعودی عرب کے وزير خارجہ سے ملاقات میں دوطرفہ اور علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے ایران کو دوست ،برادراور علاقہ کا اہم ملک قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ایران کے لئے نیک خواہشات اورتمنائیں  رکھی ہیں سعود الفیصل نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اس بات پر تاکید کی ہے کہ ایران کا عالم اسلام میں اہم اور ممتاز مقام ہے اور سعودی عرب ہمیشہ ایران کو عظيم اور بزرگ ملک سمجھتا ہے سعود الفیصل نے کہا کہ سعودی عرب باہمی اور مشترکہ مفادات کی بنا پر ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ایران اور سعودی عرب ملکر عالم اسلام کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں اور علاقہ میں جاری بحرانوں کو باہمی افہام و تفہیم کے ذریعہ حل کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب ملکر فلسطین، بحرین، شام اور عراق کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ صالحی نے کہا کہ ہمیں عالم اسلام کے مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں امریکہ سے مدد مانگنے کے بجائے اللہ تعالی سے مدد مانگنی چاہیے اورعالم اسلام کی توانائیوں سے استفادہ کرنا چاہیے۔

.....

/169