24 اپریل 2013 - 19:30
ہماری سیاست اسلام کی حاکمیت کے لیے ہے

لاہور میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ ہم صاحبزادہ فضل کریم کے مشن کی شمع بجھنے نہیں دیں گے، حقیقی جمہوریت کے لیے سیاسی اشرافیہ کی بجائے عوام کی حکمرانی قائم کرنا ہو گی۔

ابنا: سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا ہے کہ الیکشن میں دہشت گردوں کے سرپرستوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اصغر خان کیس مک مکا کی سیاست کی نذر ہو چکا ہے، منی لانڈرنگ کے مجرموں کو نااہل قرار دیا جائے، 11مئی تاج اچھالنے اور تخت گرانے کا دن ہے، حکمران خوشحال اور ملک بدحال ہو گیا ہے، قوم انقلابِ نظامِ مصطفی کے مقدس عمل میں شریک ہونے کے لیے سنی اتحاد کونسل کا ساتھ دے، 80 فیصد امیدوار 62، 63 پر پورا نہیں اترتے جبکہ آئین نے امیدوار کے لیے صالح، متقی، پرہیزگار اور صادق ہونا لازمی قرار دیا ہے، ریٹرننگ افسروں کے مسترد امیدواروں کو اعلیٰ عدالتوں نے صالح تسلیم کر کے مایوس کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پی پی 148 اور پی پی 154 میں سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں ملک محمد شاہد اور رانا شرافت علی قادری کے انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حاجی محمد حنیف طیب نے مزید کہا کہ ہماری سیاست غلبۂ اسلام کے لیے ہے۔ گڈ گورننس سے پاکستان کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔ نظریاتی سیاست کو پھر سے زندہ کرنا ہو گا۔ ملکی سیاست پر برادری ازم کا غلبہ ہے۔ پرویز مشرف مکافاتِ عمل کا شکار ہے۔ آئین شکنی کے مجرم کو سزا ضرور ملنی چاہیے۔

حاجی حنیف طیب نے کہا کہ قوم انقلابِ نظامِ مصطفی لانے کے لیے نبی(ص) کے غلاموں کو ایوانوں میں پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صاحبزادہ فضل کریم کے مشن کی شمع بجھنے نہیں دیں گے۔ حقیقی جمہوریت کے لیے سیاسی اشرافیہ کی بجائے عوام کی حکمرانی قائم کرنا ہو گی۔

.......

/169