24 اپریل 2013 - 19:30
وزیراعلیٰ بلوچستان نے سیکورٹی اداروں کو مزید مستعد اور چوکس رہنے کی ہدایت کردی

کوئٹہ – نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش خان باروزئی نے بدھ کے روز کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے ان میں متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے تمام سیکورٹی اداروں کو مزید مستعد اور چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا پیچھا کرتے ہوئے ان کے نیٹ ورک تک پہنچا جائے۔

ابنا: وزیراعلیٰ نے کوئٹہ شہر کے سیکورٹی پلان کو از سر نو مرتب کرکے اسے مزید موثر بنانے کے ساتھ ساتھ انٹیلجنس کے نظام کو زیادہ فعال بنانے اور تھانوں کی سطح پر معلومات کے حصول کیلئے رائج طریقہ کار میں بھی بہتری لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام سیکورٹی اداروں کے حکام سر جوڑ کر بیٹھ جائیں اور شہر کی سیکورٹی کو جدید خطوط پر استوار کرکے فول پروف بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کریں اور انہیں فوری طور پر پیش کریں وزیراعلیٰ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ مہذب اور ذمہ دار شہری کی حیثیت سے دہشت گردوں تک پہنچنے کیلئے متعلقہ اداروں سے تعاون کریں اور اگر وہ اپنے اردگرد اور گلی محلہ میں کوئی غیر معمولی نقل و حرکت دیکھتے ہیں یا مشکوک شے یا افراد نظر آتے ہیں تو فوری طور پر اس کی اطلاع قریبی تھانے یا پولیس کنٹرول کو کریں بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے ہمارے ملک صوبے شہر اور معاشرے کے دشمن ہیں لہذا انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

.......

/169