ابنا: بلوچستان نیشل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے حالات بہت خراب ہیں۔ عوام کی شکایات کا ازالہ کرنا بہت ضروری ہے۔ بلوچستان میں ترقی کی راہیں نہیں کھولی گئی۔ بلوچستان پاکستان کا ایک اہم صوبہ اور دل ہے۔ اس کی ترقی پورے پاکستان کی ترقی ہے۔ ہمیں مل جل کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل کا کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف سے انتخابات کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔ مسلم لیگ نون کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نظر نہیں آتا۔دیگر ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے، پاکستان کے دل میں کوئی رکاوٹ ہے تو اُسے دور کرکے توانا بنانا ہے، مسلم لیگ (ن) اور بی این پی آپس میں بیٹھ کر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گی۔ کوئٹہ میں بی این پی کے سربراہ اختر مینگل کے ہمراہ پریسں کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اختر مینگل کی حکومت کے خاتمے کا فیصلہ درست نہیں تھا، اگر اختر مینگل الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے تو مخالف قوتوں کو ہوا ملے گی، بلوچستان پاکستان کا بہت اہم حصہ ہے، بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے مل کر آواز اٹھائیں گے، بلوچستان میں ترقی نہ ہوئی تو 3 صوبوں کی ترقی ہوگی پاکستان کی نہیں، بلوچستان میں آپریشن ہوئے، اکبر بگٹی کو شہید کیا گیا، بلوچستان کے عوام کی جائز شکایات کا ازالہ وقت کی ضرورت ہے، پنجاب نے این ایف سی میں 11 ارب روپے خوشی سے بلوچستان کو دیئے۔ اِس موقع پر اختر مینگل نے کہا کہ شہباز شریف نے سیٹ ٹوسیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، نون لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے ہم بھی کمیٹی تشکیل دیں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲
9 اپریل 2013 - 19:30
News ID: 407932
سابق وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ترقی کی راہیں نہیں کھو لی گئیں، بلوچستان پاکستان کا دل ہے۔