5 اپریل 2013 - 19:30

سنی اتحاد کونسل سنی جماعتوں کے سربراہوں کے مقابلے میں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کرے گی، آرمی چیف کا بلوچ قیادت کو الیکشن میں حصہ لینے کا مشورہ خوش آئند ہے۔

ابنا: مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل سنی جماعتوں کے سربراہوں کے مقابلے میں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کرے گی، آرمی چیف کا بلوچ قیادت کو الیکشن میں حصہ لینے کا مشورہ خوش آئند ہے، خلق خدا کے راج کرنے کا وقت قریب آ رہا ہے، مفاداتی نہیں نظریاتی سیاست پاکستان کی ضرورت ہے، کراچی میں امن کے لیے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنا ہوگا، پاکستان کو عظیم تر بنانے کے جذبے سے سرشار ہو کر ہر پاکستانی 11 مئی کو پولنگ اسٹیشن پہنچے اور ملک کے وفاداروں کو منتخب اور ملک کے غداروں کو مسترد کرے۔
صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو اب تک 69 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے، مسلمان دہشت گرد نہیں بلکہ دہشت گردی کا شکار ہیں، امریکہ کی سامراجی پالیسیوں کی وجہ سے پوری دنیا میں بے گناہ انسانیت کا خون بہہ رہا ہے، اقوام متحدہ کو امریکی ڈرون حملوں کا نوٹس لینا چاہیے اور امریکی صدر اوبامہ کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ چلنا چاہیے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان کو وڈیروں اور لٹیروں کے چنگل سے آزاد کرانا ہوگا، سیاست دین کے تابع ہوگی تو ملک ترقی کرے گا اور بحرانوں سے نجات پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کتاب کے انتخابی نشان کو قرآن مجید قرار دینے والے قوم کو دھوکہ دیتے ہیں، قوم دھوکے بازوں سے ہوشیار رہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل ووٹ کی طاقت سے انقلابِ نظامِ مصطفٰی برپا کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، ہمارا ہدف مصطفائی معاشرے کا قیام ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲