ابنا: 2008ء کے انتخابات میں این اے 267کچھی جھل مگسی سے کامیاب ہونیوالے ہمایوں عزیز کرد کو سبی سیشن جج کی عدالت نے جعلی ڈگری پر ایک سال قید اور پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا ۔ بتایا گیا ہے کہ انہیں گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا گیا ہے سابق رکن صوبائی اسمبلی خلیفہ عبدالقیوم کے خلاف جعلی ڈگری کیس کی سماعت ڈیرہ اسماعیل خان میں ایڈیشنل سیشن جج (V) کی عدالت میں ہوئی۔ ڈگری جعلی ثابت ہونے پر عدالت نے خلیفہ عبدالقیوم کو تین سال قید اور پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی جس کے بعد انہیں سنٹرل جیل بھجوادیا گیا۔خلیفہ عبدالقیوم 2008ء کے انتخابات میں ڈیرہ اسماعیل خان کے حلقے پی کے 64سے آزاد حیثیت سے میں کامیاب ہوئے تھے۔علاوہ ازیں کوئٹہ سے سابق رکن قومی اسمبلی ناصر علی شاہ کو عدالت میں پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا۔ مظفر گڑھ سے سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے خلاف فوجداری کارروائی کرنے کی درخواست آج ( بدھ ) تک ملتوی کردی گئی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالرحمان نیازی کی عدالت میں جمشید دستی کی جعلی ڈگری کیس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت جمشید دستی کے وکلا ء اور ریجنل الیکشن کمشنر کے وکلاء کی جانب سے دستاویزات اور زبانی شہادتیں مکمل کرلی گئیں۔ اس موقع پر جمشید دستی کے وکلا کی جانب سے بحث کے لئے آج دوپہر 2 بجے تک کا وقت مانگا گیا جس پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالرحمان نیازی نے سماعت آ ج تک ملتوی کر دی ۔قبل ازیں ریجنل الیکشن کمشنر کے وکیل اورنگزیب خان بلوچ کا سماعت کے موقع پر کہنا تھا کہ سردار المدارس کو اسناد جاری کا اختیار نہیں اورنہ ہی سردارالمدارس کا شماران 10 مدرسوں کی فہرست میں شامل ہوتا ہے جس کی اسناد میٹرک ، ایف اے،بی اے اور ایم کے برابرہوں ۔عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جمشید دستی نے کہا کہ انہوں نے 2008 ء کے الیکشن میں سردارالمدارس کی اسناد پیش کی تھیں جس کے مہتمم اعلی محمد عبداللہ حیدررضوی عدالت میں گواہی بھی دے چکے ہیں۔ جمشید دستی نے مزید کہا کہ اگرعدالت نے جعلی ڈگری کیس میں مجھے نااہل قراردیاتو پھر میری جگہ میرے بھائی جاوید دستی انتخابات میں حصہ لیں گے۔ڈیرہ غازی خان سے سابق رکن پنجاب اسمبلی میربادشاہ قیصرانی پر جعلی ڈگری کیس میں فرد جرم عائد کردی گئی۔ ساہیوال سے سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک اقبال لنگڑیال کے جعلی ڈگری پر وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے ہیں ۔ کوئٹہ سے سابق رکن بلوچستان اسمبلی علی مدد جتک کے خلاف جعلی ڈگری کیس کی سماعت آج ( بدھ ) تک ملتوی کردی گئی۔یاد رہے کہ اس سے قبل صوابی سے سابق رکن صوبائی اسمبلی سردار علی خان کو بھی جعلی ڈگری کیس میں تین سال قید اورپانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی جا چکی ہے ۔جعلی ڈگری پر سزا پانے والے اراکین کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔...../169
1 اپریل 2013 - 19:30
News ID: 405309
کوئٹہ /ڈی آئی خان/مظفر گڑھ/بہاولپور – جعلی ڈگری کیس میں سابق اراکین اسمبلی ہمایوں عزیز کرد اور خلیفہ عبد القیوم کو بالترتیب ایک سال اور تین سال قید اور پانچ ‘ پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی گئی ۔