28 مارچ 2013 - 19:30

شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے سربراہ علامہ رمضان توقیر نے پشاور میں شہید عمران علی کی میت سمیت دیئے جانے والے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم شہادتوں سے گھبرانے والے نہیں، حکومت بتائے ہمیں کیوں قتل کیا جارہا ہے۔

شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے سربراہ علامہ رمضان توقیر نے پشاور میں شہید عمران علی کی میت سمیت دیئے جانے والے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم شہادتوں سے گھبرانے والے نہیں، جب تک ہمارے بدن میں خون ہے، جب تک ہماری جان میں جان ہے، ہم نہ نعرہ حیدری سے رکیں گے اور نہ ہی یا حسین (ع) کے نعروں سے پیچھے ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمارے جوانوں کے سینوں پر گولیاں چلا کر انہیں مشن حسینی سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا، میں دشمن حسینیت کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ نہ تم 14 سو سال پہلے ہمارے حوصلوں کو دبا سکے تھے اور نہ ہی اب دبا سکو گے۔ کل بھی حسینیت زندہ باد تھی، آج بھی حسینت زندہ باد ہے۔ اور تاقیامت حسینیت زندہ باد رہے گی۔ انہوں نے شہید علی عمران کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ زرداری حکومت بتائے کہ ہمیں کس جرم میں قتل کیا جارہا ہے۔؟ ہماری کروڑوں جانیں قربان ہو جائیں گی لیکن یا حسین (ع) کی صدائیں ہمیشہ بلند رہیں گی۔ علامہ رمضان توقیر نے کہا کہ ریاست ناکام ہو چکی ہے، شہری امن اور سکون کو ترس رہے ہیں، نہ مساجد محفوظ ہیں، نہ امام بارگاہیں محفوظ ہیں اور نہ بازار محفوظ ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/242