27 مارچ 2013 - 19:30

واشنگٹن میں تھنک ٹینک سے خطاب میں رچرڈ اولسن نے پاکستان کو امریکہ کا دوست قرار دیا اور کہا کہ اس حوالے سے خبردار کرنا ہماری ذمے داری ہے کہ زیر غور ایرانی گیس پائپ لائن منصوبہ امریکی قانون کے تحت پابندی سے مستثنٰی نہیں ہے۔

امریکہ نے ایک مرتبہ پھر ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔ پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے واشنگٹن میں تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی نقطہ نظر سے توانائی کی ترسیل افغانستان اور پاکستان کے ذریعے بھارت کو ہونی چاہیئے۔ رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ ایران پر امریکہ کا موقف واضح ہے۔ انہوں نے پاکستان کو امریکہ کا دوست قرار دیا اور کہا کہ اس حوالے سے خبردار کرنا ہماری ذمے داری ہے کہ زیر غور ایرانی گیس پائپ لائن منصوبہ امریکی قانون کے تحت پابندی سے مستثنٰی نہیں ہے۔ اس موقعے پر انہوں نے مزید کہا کہ ایران دیگر ممالک کے ساتھ بھی توانائی کے منصوبوں میں ناقابل اعتبار ثابت ہوا ہے۔ رچرڈ اولسن نے امید ظاہر کی کہ پاکستان امریکہ کی رائے کو دوستانہ مشورے کی حیثیت سے لے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ گذشتہ عرصے میں پاکستانی سکیورٹی فورسز نے اپنی توجہ دراندازی کیخلاف مغربی سرحد پر مرکوز رکھی ہے، لیکن تاحال مشرقی سرحد پر اسکی تشویش برقرار ہے۔ پاک بھارت تعلقات سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی اکثریت بھارت سے معاشی تعلقات بڑھانے کی خواہاں ہے۔............./242